قرآن پاک کی رہنمائی
اس سے بڑی نعمت ہم پیدائشی مسلمانوں کیلئے شائد ہی کوئی ہو کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں مسلمانوں کے گھر پیدا کیا اور ہمیں دین اسلام کی کھوج نہیں کرنا پڑی۔ بہت سے لوگ جو اسلام کو تحقیق و تجزیہ کے بعد اپناتے ہیں وہ ہم مسلمانوں سے اعلیٰ کردار کے حامل ہو جاتے ہیں۔ جن لوگوں پر خدا کا فضل ہوا اور انہوں نے اسلام قبول کیا ان کے قبول اسلام کے حیرت انگیز واقعات ہیں۔قبول اسلام کا یہ واقعہ حیرت انگیز بھی ہے اور سبق آموز بھی۔حیرت انگیز اس اعتبار سے کہ نزول قرآن کو کم و بیش ڈیڑھ ہزار سال کا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی آج تک اس نکتے پر کسی کی نظر نہ جاسکی جو ایک امریکی ڈاکٹر کے قبول اسلام کا محرک بنی اور سبق آموز اس پہلو سے ہے کہ کتاب الٰہی میں غوروتدبر اور تحقیق جستجو بندگان خدا کیلئے ہدایت و معرفت کے دروازے کھولنے اور صراط مستقیم پر گامزن ہونے کا آج بھی اتنا ہی مؤثر ذریعہ ہے جتنا وہ نزول وحی کے وقت تھا۔امریکا کے ایک ہسپتال میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا اور اس واقعے کے زیراثر امریکن ڈاکٹر مسلمان ہوگیا۔ مذکورہ ہسپتال میں ایک روز ڈلیوری کے دو کیس ایک ساتھ آئے۔ ایک عورت سے لڑکا پیدا ہوااور دوسری سے لڑکی‘جس رات ان دونوں بچوں کی ولادت ہوئی اتفاق سے نگران ڈاکٹر موقع پر موجود نہیں تھا‘ دونوں بچوں کی کلائی میں وہ پٹی بھی نہیں باندھی ہوئی تھی جس پر بچے کی ماں کا نام درج ہوتا ہے تو نتیجہ یہ ہوا کہ دونوں بچے خلط ملط ہوگئے اور ڈاکٹروں کیلئے یہ شناخت کرنا مشکل ہوگیا کہ کس عورت کا کون سابچہ ہے۔