کھو دینے کا،دل بھرنے کا، تھک جانے کا خوف ۔۔۔ فریحہ نقوی
کھو دینے کا،دل بھرنے کا، تھک جانے کا خوف
ایک ترے ہونے سے چکھا کیسا کیسا خوف
ہم دونوں کے سامنے بہتا وقت۔۔۔آئینہ تھا
مجھ کو اس نے خواب دکھائے تجھے دکھایا خوف
تم تھے۔۔۔۔ لیکن دو حصوں میں بٹے ہوئے تھے تم
آنکھ کھلی تو بستر کی ہر سلوٹ میں تھا خوف
اس رستے پر مجھ سے پہلے کوئی نہیں آیا
ایک انوکھی سرشاری ہے۔۔۔اک انجانا خوف
اسی لیے میں سنبھل سنبھل کر قدم اٹھاتی ہوں
اتنی بلندی سے رہتا ہے گر جانے کا خوف
ان لوگوں کو کیا لگتا ہے۔۔ ڈر جاؤں گی میں؟
یہ خود مجھ سے ڈرے ہوئے ہیں ان سے کیسا خوف
وقت کی آندھی لے اڑتی ہے کیسے کیسے لوگ
سوچ کے دل کو خوف آتا ہے۔۔۔۔ اچھا خاصا خوف
اب کھڑکی پر لگی ہوئی ہر آنکھ سے جھانکتا ہے
اس بارش میں آخری پتہ جھڑ جانے کا خوف
فریحہ نقوی