اس طرح حر ہو گیا ہے آج مہمانِ حسینؑ۔۔۔ سلام ۔۔۔ سید بصیر الحسن وفاؔ نقوی
اس طرح حر ہو گیا ہے آج مہمانِ حسینؑ
اب قیامت تک رہے گا زیرِ دامانِ حسینؑ
یہ اذانیں یہ نمازیں کہہ رہی ہیں رات دن
سرخرو ہے دینِ احمدؐ ہے یہ احسانِ حسینؑ
کردیا ثابت شبِ عاشور میں اصحاب نے
ان پہ قرباں ہیں حسینؑ اور وہ ہیں قربانِ حسینؑ
تیر کہتے ہیں کسے تیغ و تبر کیا چیز ہیں
دیکھتے ہیں مسکراکر ان کو طفلانِ حسینؑ
دیکھنا مڑ مڑ کے پیچھے جنگ کو جاتے ہوئے
اے علی اکبرؑ یہی ہے ایک ارمانِ حسینؑ
آیتیں بکھری ہوئی ہیں خون میں ڈوبی ہوئی
کربلا کی سر زمیں ہے یا ہے قرآنِ حسینؑ
حشر کے میداں میں ہوں گے ہم یققیناً کامیاب
اے وفاؔ حاصل رہے گا ہم کو فیضانِ حسینؑ