موسلادھار بارشوں نے تباہی مچادی، آسمانی بجلی گرنے سے کتنے افراد چل بسے، تشویشناک صورتحال
حیدر آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) حیدر آباد سمیت اندرون سندھ موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ تھرپارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے باپ بیٹے سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ حیسکو ریجن کے 190 فیڈرز سے بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔تفصیل کے مطابق موسلا دھار بارش سے اندرون سندھ میں تباہی مچ گئی ہے۔ آسمانی بجلی نے کئی جانیں نگل لی ہیں۔ حیدر آباد میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں جبکہ بجلی کی سپلائی بھی معطل ہے۔تھرپارکر میں بارش تھر واسیوں کے لئے زحمت بن گئی۔ مٹھی میں آسمانی بجلی ڈوڑی گاؤں کے ایک گھر پر قہر بن کر گری اور باپ بیٹے کی جان لے گئی۔ چھاچھرو میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد
جاں بحق جبکہ کلوئی میں بھی متعدد مویشی ہلاک ہو گئے۔عمر کوٹ، کھپرو، کنڈیاری، کنری اور دولت پور میں بھی طوفانی بارش ہوئی۔ نوابشاہ، دادو، ٹنڈوالہ یار، لسبیلہ، میرپور خاص، شہداد پور، سانگھڑ، ٹنڈو آدم، ٹھٹھہ اور دیگر علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ برسنے والے بادلوں نے ہر طرف پانی پانی کر دیا۔موسلا دھار بارش سے حیسکو ریجن میں 190 فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے متعدد اضلاع میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔ادھر کراچی کے علاقے ضلع وسطی میں تھوڑی دیر کی بارش نے سب کچھ ڈبو دیا، سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔ ناظم آباد، بفر زون،ضلع وسطی اور لیاقت آباد سمیت دیگر علاقوں پر پانی جمع ہو چکا ہے۔ اس صورتحال میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔