کورونا وائرس کا خاتمہ، وہ عرب ملک جہاں تمام علاقوں سے کرفیواٹھانے کا اعلان کردیا گیا
کویت(نیوز ڈیسک) کویت میں رہنے والے افراد کے لیے خوش خبری سُنا دی گئی ہے، حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے کئی ماہ سے عائد کرفیو اُٹھانے کا اعلان کر دیا ہے۔ عرب نیوز کے مطابق کویت مملکت کے تمام علاقوں میں نافذ کرفیو جلد اُٹھا لیا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 30 اگست کو مملکت بھر سے کرفیو ختم کر دیا جائے گا، تاہم شادی بیاہ، سماجی تقریبات اور اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی، اور ان کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ ہو گا، اسی طرح کچھ عوامی مقامات کو بھی عوام کے نہیں کھولا جائے گا۔کرفیو ختم ہونے کے بعد بھی ماسک گلوز پہننے اور
سماجی فاصلے کی پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔ کویت میں کورونا مریضوں کی گنتی میں کمی آ رہی ہے، اس وقت ہسپتالوں میں زیر علاج کورونا مریضوں کی گنتی 7,616بتائی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ کویت کے وزیر خزانہ بارک الشیتان نے پارلیمنٹ کے اجلاس میں خبردار کیا ہے کہ کویتی حکومت کے پاس خزانے میں صرف 2 ارب دینار (6.6 ارب امریکی ڈالر) کی رقم پڑی ہے ، جس کے باعث حکومت کے پاس سرکاری ملازمین کو اکتوبر کے بعد تنخواہیں دینے کے لیے نقد رقم موجود نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی کشمکش کی وجہ سے انٹرنیشنل بانڈ مارکیٹس کی جانب واپسی نہ ہو سکنے سے بہت نقصان ہو رہا ہے۔ کویتی حکومت جنرل ریونیو فنڈسے ہر ماہ 1.7 ارب دینار ماہانہ نکلوا رہی ہے۔ اگر تیل کی گری ہوئی قیمتیں دوبارہ نہ بڑھائی گئیں اور مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹس سے اُدھار رقم نہ لی گئی تو کویتی معیشت مزید ڈانواں ڈول ہو جائے گی۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے بحران کے دوران تیل کی قیمتیں گرنے سے معیشت کو بڑاجھٹکا لگا ہے جس سے نمٹنا کویت کے لیے بڑا چیلنج بن چکا ہے۔