حکومت پاکستان نےسعودی عرب، امارات اور دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کیلئے بڑی سہولت کا اعلان کردیا

دُبئی(نیوز ڈیسک) وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت دُنیا بھرمیں بسنے والے پاکستانی تارکین وطن کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسکیم کی منظوری دے دی گئی ہے۔ جو ستمبر کے پہلے ہفتے میں متعارف کرایا جائے گا جس کے بعد اوور سیز پاکستانی پردیس میں بیٹھے بیٹھے آن لائن طریقے سے پاکستان کے کسی بھی بینک میں اپنا اکاؤنٹ کھول سکیں گے۔اوورسیز پاکستانیوں کے لیے شاندار سہولت کی یہ اسکیم سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک کے 8 بینکوں

کے تعاون سے متعارف کرائی ہے۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھلوانے سے پاکستانی تارکین اپنے گھر والوں کو آسانی سے رقوم بھجوا سکیں گے، ان کے بلوں کی ادائیگی کر سکیں گے اور سرمایہ کاری سمیت دیگرمالی سہولیات سے بھی فائدہ اُٹھائیں گے۔وزیر اعظم پاکستان نے گزشتہ روز کابینہ کے اجلاس میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ متعارف کرانے کی منظوری دی اور اس اسکیم کے تحت مہیا کی جانے والی سہولتوں پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا اجراء ایک بہترین اقدام ہے جس سے پاکستانیوں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا اور بیرون ملک ترسیلات زر میں بھی اضافہ ہو گا۔ دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ کورونا وباء کے دوران دوسرے ممالک کے مقابلہ میں سعودی عرب میں کم سے کم پاکستانی بیروزگار ہوئے۔معاون خصوصی زلفی بخاری نے سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کر کے خوشی ہوئی۔ انہوں نے 30 لاکھ پاکستانیوں کی دیکھ بھال کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد سعودی عرب دورہ کے خواہش مند ہیں، جہاں وہ دوسرے شعبوں کے ساتھ سیاحت کے شعبہ میں بات چیت کے لیے پر امید ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button