شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو رہا کردیا گیا

لاہور(نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پیرول پر رہائی کا پروانہ مل گیا۔ بیگم شمیم اختر کے نمازہ جنازے کے لئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل سے پیرول پر پانچ روز کیلئے رہا کر دیا گیا اور ان کی یہ رہائی یکم دسمبر تک ہو گی ۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز ذاتی سیکورٹی عملے کے ہمراہ کوٹ لکھپت جیل سے روانہ ہو گئے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 14 روز کے لئے پیرول پر رہا کرنے کی درخواست دی تھی لیکن پنجاب کابینہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے پانچ روز کے لئے پیرول پر رہا کرنے کی منظوری دی گئی۔

پنجاب حکومت کی جانب سے پاکستان پریزن رولز 1978 کے سیکشن 545 بی کے تحت رہائی کی اجازت دی۔ قبل ازیں شہباز شریف کی پیرول پر رہائی کے لیے کوٹ لکھپت جیل کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی تھی۔شہباز شریف کا ذاتی پروٹوکول اسٹاف ان کو لینے کوٹ لکھپت جیل پہنچا تھا۔خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی والدہ شمیم اختر 22 نومبر کو لندن میں انتقال کرگئی تھیں۔بعد ازاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطاء اللہ تارڑ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی درخواست لاہور کے ڈپٹی کمشنر کو جمع کرا دی تھی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button