نوجوانوں کیلئے خوشخبری، وزیراعظم کا نیشنل یوتھ کونسل قائم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے اپنی سربراہی میں نیشنل یوتھ کونسل قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ملک بھر کے نوجوانوں کے نام پیغام میں کہا ہے کہ نوجوانوں کو خوشخبری دینا چاہتا ہوں، وزیراعظم عمران خان نے ساری جدوجہد نوجوانوں کے بہتر مستقبل کیلئے کی ہے، عمران خان نے نیشنل یوتھ کونسل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اسد عمر نے کہا کہ یوتھ کونسل کی سربراہی وزیراعظم عمران خان خود کریں گے، ملک بھر سے 50 نوجوانوں کا انتخاب کیا جائیگا، نوجوان وزیراعظم کے ساتھ مل کر وہ پالیسیاں تشکیل دیں گے جو ان کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان بننے اور عمران خان کی جدوجہد میں نوجوانوں نے اہم کردار ادا کیا ہے، یوتھ کونسل کا سلیکشن پراسس انتہائی شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے،

نوجوان نیشنل یوتھ کونسل میں شامل ہونے کے لیے کامیاب جوان کی ویب سائٹ سے اپلائی کریں، 50 بہترین قابل نوجوانوں کو کونسل رکنیت کیلئے منتخب کیا جائیگا۔یاد رہے حکومت نے نوجوانوں سے یوتھ کونسل میں شمولیت کے لیے کوائف طلب کئے تھے،اس سلسلے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے نوجوانوں کے نام ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ وزیر اعظم نے یوتھ کونسل میں نوجوانوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، ملکی نوجوان اب عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر سکیں گے، نوجوانوں کو عالمی پلیٹ فارمز پر مسائل کے حق میں وکالت کا موقع دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نیشنل یوتھ کونسل کے پلیٹ فارم سے آگے بڑھیں، پاکستان کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے لانے کی ضرورت ہے، کونسل کو نوجوانوں کی ترقی کے لیے پالیسی سازی میں شامل کیا جائے گا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button