رینجرز اورسی ٹی ڈی کا کمانڈو ایکشن ، پاکستان کو بڑے نقصان سے بچالیا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) رینجرز اور سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کرکے شہر میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنادیا۔ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان محمد رفیق عرف عادل عرف حبیب اللہ اور عدنان شبیر عرف قاری پاکستان میں دہشتگرد کاروائیوں میں ملوث اور فورسز کو انتہائی مطلوب تھے جب کہ محمد رفیق عرف عادل عرف حبیب اللہ کی گرفتاری پر 20 لاکھ روپے انعام مقرر تھا اور ملزم عدنان شبیر عرف قاری کالعدم تنظیم کا انتہائی خطرناک دہشتگرد تھا۔ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ہلاک دہشتگرد بم دھماکوں، بینک ڈکیتی، فرقہ وارانہ دہشتگردی اور
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی متعدد ٹارگٹ کلنگ کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ترجمان نے بتایا کہ ٹی ٹی پی استاد اسلم گروپ کے انتہائی خطرناک دہشتگرد رئیس یار محمد گوٹھ بلدیہ ٹاؤن کے علاقہ میں موجود تھے جس کی اطلاع ملنے پر پاکستان رینجرز کے شاہین گروپ اور سی ٹی ڈی پولیس نے دہشتگردوں کو گرفتار کرنے کی منصوبہ بند ی کی۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ رات گئے رئیس یار محمد گوٹھ بلدیہ ٹاؤن میں دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے محاصرہ کیا گیا تو اس دوران فورسز کی پیش قدمی دیکھ کر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس پر فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 ملزمان مارے گئے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ دہشتگردوں کو میگا فون کے ذریعے بار بار ہتھیار پھینکنے کا اور گرفتاری دینے کا کہا گیا لیکن انہوں نے فائرنگ جاری رکھی۔ترجمان کے مطابق ملزمان سے دو عدد ایس ایم جی ، دو نائن ایم ایم پسٹول، ایمونیشن اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔ دونوں ملزمان حال میں ہی افغانستان سے کراچی آئے تھے او ر کراچی میں بڑی دہشتگردی کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔