بھارتی فورسز کی لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ، شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی اطلاعات
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)لائن آف کنٹرول پر کھوئی رٹی سیکٹر پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے خاتون زخمی ہوگئیں۔ پاک فوج کی مؤثر جوابی کارروائی میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول ( ایل او سی ) پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں۔ترجمان کے مطابق بھارتی فورسز نے کھوئی رٹہ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی اور شہری آبادی کو شدید نشانہ بنایا۔ حملے میں فائرنگ سے خاتون زخمی ہوگئی۔ پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔اس سے قبل بھارتی سینیر سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کر کے 14 اگست کو قابض بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) کے دھودنیال سیکٹر میں جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کیا گیا۔ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 3 سالہ بچی شدید زخمی ہوئی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سینیر بھارتی سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالہ کیا اور کہا گیا کہ قابض بھارتی افواج ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری کی مسلسل خلاف ورزیاں کرتے ہوئے آرٹلری، بھاری اور خودکار ہتھیاروں کے ذریعے عام شہری آبادیوں کو نشانہ بنارہی ہیں۔زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ بھارتی سفارت کار کو بتایا گیا کہ شہری آبادیوں کو دانستہ نشانہ بنانا انتہائی قابل افسوس، انسانی عظمت اور وقار، عالمی انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے صریحاً منافی ہے۔ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی ان خلاف ورزیوں سے علاقائی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں، جس کا نتیجہ اسٹرٹیجک غلطی کی صورت نکل سکتا ہے۔اپنے احتجاج میں ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر اس کی روح کے مطابق امن برقرار رکھے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین (یو این ایم او جی آئی پی) کو اپنا کردار ادا کرنے کی اجازت دے۔