ایک ہفتے کے دوران فی درجن انڈوں کی قیمت میں 50روپے اضافہ

لاہور (نیوز ڈیسک) سردیوں سے قبل ہی انڈوں کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگیں ،انڈوں کی قیمت ملک کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں۔ فارمی انڈوں کی قیمت میں اضافے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔ایک ہفتے میں انڈوں کی فی درجن قیمت میں 50 روپے اضافہ ہوا ہے۔کراچی میں انڈے 170 روپے فی درجن کے حساب سے فروخت ہو رہے ہیں۔ اس سال گرمیوں میں بھی انڈوں کی مانگ میں اضافہ دیکھا گیا کیونکہ ڈاکٹرز کی جانب سے کہا گیا تھا کہ انڈے کھانے سے انسان کی قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے۔لوگوں نے امیونٹی سسٹم بہتر بنانے کے لیے انڈوں کا استعمال بھی زیادہ کردیا جس سے

انڈوں کی مانگ بڑھ گئی ، دکانداروں کا کہنا ہے کہ انڈوں کی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی ہے،اسی طرح لاہور میں بھی سردیوں کی آمد سے قبل انڈے شہریوں کی پہنچ سے باہر ہونے لگے۔15 روز میں فی درجن انڈوں کی قیمت میں 23روپے کا اضافہ ہوا۔ایک انڈا 14 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔بڑھتی قیمت کے باعث انڈے خریدنا بھی مشکل ہو چکا ہے۔موسم سرما میں کراچی میں فی درج انڈوں کی قیمت 200 تک پہنچنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے،خدشہ ہے کہ اس بار موسم سرما میں پولٹری نرخوں میں ریکارڈ اضافہ ہو گا۔ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈوں کی فی درجن قیمت دو سو تک جا سکتی ہے۔محض اکتوبر کے ابتدائی 10روز میں فی کریٹ قیمت 7 فیصد بڑھ گئی۔انڈوں کے تاجروں کا کہنا ہے کہ پولٹری فارم والوں نے انڈے سٹاک کرنا شروع کر دئیے ہیں۔چونکہ نومبر اور دسمبر میں کھپت دوگنی ہوتی ہے۔اس لیے انہیں یقین ہے کہ من مانے ریٹ مل جائیں گے۔گلی محلوں میں بھی دکانداروں نے گراں فروشی شروع کر دی ہے۔محکمہ موسمیات نے پہلے ہی موسم سرما کے طویل ہونے کی پیشگوئی کر رکھی ہے جب کہ غذاوں کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ایسے میں شہریوں میں شدید مایوسی پائی جا رہی ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور جن اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا ان میں آٹا، چینی، ٹماٹر، پیاز، انڈہ، مرغی، آلو، دال چنا، چاول، دہی اورلہسن شامل ہیں۔اعداد و شمار کے تحت آٹے کا 20 کلو کا تھیلا اوسطاً 28 روپے

مہنگا ہوا، چینی کی فی کلو قیمت میں اوسطاً ایک روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ٹماٹر 18 روپے فی کلو اور پیاز آٹھ روپے فی کلو اضافی قیمت پر فروخت ہو رہے تھے۔ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق انڈوں کی قیمت میں 16 روپے فی درجن، آلو کی قیمت میں ایک روپے 80 پیسے فی کلو اور برائلر مرغی کی قیمت میں 9 روپے فی کلو اضافہ ہوا۔وفاقی ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی میں 1.24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کی شرح 11.28 فیصد رہی ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button