سعودی سفیر نے عمرہ کیلئے سعودی عرب جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کو خوشخبری سنادی
لاہور(نیوز ڈیسک)سعودی سفیر نواف المالکی نے کہا ہے کہ پاکستانی عمرہ زائرین کو جلد سعودی عرب آنے کی اجازت مل جائےگی، حج کی طرح عمرہ زائرین کیلئے بھی ایس او پیز بنائے جا رہے ہیں، سعودی عرب ہر مشکل وقت میں پاکستان کے کھڑا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سفیر نواف سعید المالکی نے مسلم لیگ ق کے صدر سابق وزیراعظم چودھری شجاعت، اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ سے لاہور میں ملاقات کی۔اس موقع پر مونس الٰہی ایم این اے، شافع حسین اور راسخ الٰہی بھی موجود تھے۔ رہائش گاہ آمد پر چودھری پرویزالٰہی اور راسخ الٰہی نے ان کا استقبال کیا۔
سعودی سفیر نے چودھری صاحبان کو یوم آزادی پر مبارکباد بھی پیش کی۔ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان اسلامی بھائی چارے کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں، دنیا کی کوئی طاقت اس بھائی چارے کو کم نہیں کر سکتی بلکہ سعودی عرب سے محبت اور عقیدت میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے، شاہ سلمان اور کرائون پرنس محمد بن سلمان کے دنیا میں پاکستان کے سفیر ہونے پر مشکور ہیں وہ پاکستان کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، پاکستانیوں کے دل مکہ اور مدینہ میں دھڑکتے ہیں۔چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ وبائی امراض پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے لیکن ابھی بھی محرم الحرام میں ایس او پیز کا خاص خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔ سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے چودھری برادران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے سعودی عرب کے بارے میں نیک اور اچھے خیالات جان کر خوشی ہوئی، سعودی عرب ہر مشکل وقت میں پاکستان کے کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال حج کے موقع پر ایس او پیز کا سختی سے خیال رکھا گیا، مکہ مدینہ میں کورونا کی وجہ سے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے، انہی اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے زائرین کو سعودی عرب آنے کی اجازت مل جائے گی ۔