وزیراعظم شہباز شریف کی مودی کو سنجیدہ اور مثبت مذاکرات کی دعوت
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی وزیراعظم کو سنجیدہ اور مثبت مذاکرات کی دعوت دے دی۔عرب میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کا دورہ سب سے کامیاب دورہ ثابت ہوا۔
سعودی عرب اور یو اے ای کے ساتھ منفرد تاریخی تعلقات ہیں، یو اے ای پاکستانیوں کا دوسرا وطن کے مانند ہے اور یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان پاکستان دوست ہیں، وہ پاکستان کے سب سے بڑے خیر خواہ ہیں اور پاکستان کی مدد میں کبھی پیچھے نہیں ہٹتے۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ پاکستان اور خلیجی ممالک کے مفادات مشترکہ ہیں اور ہمارے تعلقات تحائف سے بڑھ کر ہیں، ہم تحائف سے زیادہ مضبوط تعاون کو فروغ دینے پر یقین رکھتے ہیں، ہمارا مقصد سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے، ہم قابل بھروسہ دوستوں کی جانب مدد کے لیے ہاتھ بڑھانے کے خواہشمند ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ دوست بروقت مدد نہ کرتے تو موجودہ صورتحال سے نمٹنا ناممکن ہوتا، خلیجی ممالک کی مدد سے پاکستان کو درپیش مسائل میں کمی آئی ہے لیکن ہم امداد سرمایہ کاری کی شکل میں چاہتے ہیں۔