ناصر محمود کھوسہ نے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب بننے سے معذرت کرلی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ٗ این این آئی )ایک اور بڑی شخصیت کا عبوری وزیر اعلیٰ کا عہدہ قبول کرنے سے انکار کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ناصر کھوسہ کی قابلیت، اصول پسندی اور دیانت داری مسلمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ناصر کھوسہ سے رابطہ کیا کہ نگراں وزیر اعلیٰ کا عہدہ قبول کریں لیکن ناصر کھوسہ نے تجویز سے اتفاق نہیں کیا اور عہدہ سنبھالنے سے معذرت کی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ بحیثیت بیوروکریٹ ناصر کھوسہ کا کردار قابل فخر ہے۔ انہوں نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا اور معزرت کی ہے ۔اس سے قبل سابق چیف جسٹس پاکستان جواد ایس خواجہ نے کہا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے ان کے نام سے متعلق خبرحقائق پرمبنی نہیں۔سابق چیف جسٹس پاکستان جواد ایس خواجہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے بارے میں کسی نے مجھ سے رائے نہیں لی۔انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے میرے نام سے متعلق خبرحقائق پرمبنی نہیں اور نگران وزیراعلیٰ کے عہدے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔