عدالتیں آزاد ہیں،شہباز شریف کی گرفتاری سے حکومت کا کچھ لینا دینا نہیں

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتاری سے حکومت کا کچھ لینا دینا نہیں ، عدالتیں آزاد ہیں انہوں نے جو فیصلہ کیا وہ سب کو قبول کرنا ہوگا۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہماری طرف سے عدالتوں کے ہر فیصلے کا احترام کیا گیا چاہے وہ ہمارے حق میں تھا یا ہمارے خلاف آیا، اس وقت بھی عدالتوں کے فیصلوں میں ہمارا کوئی لینا دینا نہیں ہے، اس لیے ہم پر تنقید بے جا ہے، آپ نے جو بویا وہی کاٹتے ہیں ، یہ تو قانون فطرت ہے کہ اگر آپ نے کوئی اچھے کام کیے تو پذیرائی

ملتی ہے لیکن اگر کچھ بھی خلاف قانون کیا تو آپ جلد یا بدیر گرفت میں ضرور آتے ہیں۔شبلی فراز کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ عدالت نے کیا ہے، ہم اس کا احترام کرتے ہیں عدالت انہیں بری بھی کرسکتی تھی تاہم اس میں ہمارا کوئی لینا دینا نہیں، عدالت کا فیصلہ جس طرح بھی آتا ہم اس کی تائید اور احترام کرتے۔انہوں نے کہا کہ میں اپوزیشن سے یہی توقع رکھوں گا کہ وہ اپنی سیاست کے لیے انصاف فراہم کرنے والے اداروں کو متنازع نہ بنائیں اور قانون کا احترام کریں۔مریم اورنگزیب کی جانب سے لگائے گئے الزام پر انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہ الزام اعلیٰ عدلیہ پر لگایا ہے کیونکہ عدلیہ ہمارے تابع نہیں ہے، کئی فیصلے ایسے ہیں جو ان کے حق میں آئے ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر فیصلہ ان کے خلاف آئے تو عمران خان نے کرایا ہے جبکہ اگر حق میں آجائے تو یہ کسی اور نے کرایا ہے، اس طرح کی دوہری پالیسی نہیں ہونی چاہیے۔مسلم لیگ (ن) کی قیادت سنبھالنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کی وہی قیادت کامیاب ہوگی جو بالکل شفاف ہو اور عوام میں قابل قبول ہو۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button