عمران خان کا دورہ لاہور، فواد چوہدری کو پنجاب میں اہم عہدہ دینے کی تیاریاں

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری کو پنجاب کا وزیرداخلہ بنائے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے دورہ لاہور کے دوران وزیراعلیٰ پرویز الہیٰ اور ان کے صاحبزادے مونس الہیٰ سے ملاقات کی جس میں صوبائی حکومت کے امور، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور پنجاب کابینہ کے ناموں پر مشاورت کی۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے متحرک اور اہم رہنما فواد چوہدری کو پنجاب کی وزارت داخلہ سونپے جانے کا امکان ہے۔ عمران خان نے اراکین کو ہدایت کی ہے کہ پنجاب کابینہ میں جو بھی شامل ہوا ، اسے 14 گھنٹے ڈیوٹی کرنا ہوگی، کابینہ کا کوئی رکن چھٹی نہیں کرے گا ، وزرا کو اپنے محکموں کے امور پر مکمل گرفت رکھ کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی صوبائی کابینہ میں کچھ وزراء نے کمزور کارکردگی دکھائی، ناتجربہ کاری کی وجہ سے کچھ وزرا کو بیوروکریسی نے بھی تنگ کیا۔بتایا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ایوان وزیر اعلیٰ میں اراکین اسمبلی سے ملاقات ہوئی، اس دوران انہوں نے پی ٹی آئی پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد کو 2 ہفتوں میں تنظیم سازی کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اراکین اسمبلی اور پارٹی تنظیمیں انتخابات کی تیاری کریں تنظیمیں مکمل کی جائیں تاکہ انتخاب میں بھرپور انداز میں جائیں کیوں کہ 6 سے 8 ہفتوں میں آئندہ عام انتخابات ہوسکتے ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ 25 مئی کو جنہوں نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا قانون ان کے حوالے سے راستہ اختیار کرے گا، مجھے پتہ ہے جن لوگوں نے ہمارے ساتھ دو نمبری کی، سب کے سامنے کسی کا نام نہیں لینا چاہتا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ مستحکم حکومت آنے تک معاشی بحران ختم نہیں ہوگا کیوں کہ مالیاتی اداروں کا حکومت پر اعتماد ختم ہوچکا ہے، جس کی وجہ سے حالات مزید مشکل ہو سکتے ہیں اور ہر چیز مزید مہنگی ہونے والی ہے

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button