وزیراعلیٰ پنجاب کا ہیلتھ کارڈ کی توسیع، مفت ادویات کی منظوری کا فیصلہ

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب کا ہیلتھ کارڈ کی توسیع، مفت ادویات کی منظوری کا فیصلہ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ہسپتال میں بستروں کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (ڈبلیو آئی سی) کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری بھی دے دی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے صوبے بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دیتے ہوئے وہاں مریضوں کو مفت ادویات دینے کا اعلان کیا ہے۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے ہسپتال میں بستروں کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (ڈبلیو آئی سی) کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری بھی دے دی۔

نئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والے اجلاس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے ہیلتھ کارڈ پروگرام کو مزید بہتر انداز میں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے ایمرجنسی میں مفت ادویات کا حصول مریضوں کا حق قرار دیا۔وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس انسٹی ٹیوٹ میں مریضوں کے لیے بستروں کی تعداد 400 تک بڑھائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ انسٹی ٹیوٹ میں ڈاکٹروں کی کمی بالخصوص اینستھیزیولوجسٹ اور پیرا میڈیکس کی کمی کو فوری طور پر دور کیا جائے گا اور انستھیزیولوجسٹس کو خصوصی الاؤنس دیا جائے گا تاکہ انہیں ہسپتال میں اپنی خدمات سرانجام دینے کے لیے آمادہ کیا جا سکے۔انہوں نے ادارے کی خالی اراضی پر ڈاکٹروں اور طبی عملے کی رہائش گاہوں کی تعمیر کا بھی حکم دیا۔اجلاس میں محکمہ صحت میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ عوام کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کا بھی جامع جائزہ لیا گیا۔سابق وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، سابق چیئرمین پی اینڈ ڈی سلمان غنی، وزیراعلیٰ کے سابق پرنسپل سیکریٹری جی ایم سکندر، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکریٹری صحت، وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سربراہ، ڈی جی ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ ڈاکٹروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ایک خصوصی پروگرام شروع کریں۔انہوں نے زور دیا کہ فوری طور پر کاغذی کارروائی مکمل کی جائے تاکہ صوبے کے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button