وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کا اس سال کے آخر تک ریسکیو سروس کا دائرہ کار پنجاب کی تمام تحصیلوں تک پھیلانے کااعلان

لاہور(نیوز ڈیسک) ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں 38ویں کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی۔ پریڈ میں پنجاب کی تحصیلوں میں خدمات سر انجام دینے والے 823ریسکیورز شامل ہوئے جن میں سے 632ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن، 110فائر ڈرٹ ریسکیورز، 53مینٹیننس ٹیکنیشنز اور 28کال ڈسپیچرزہیں اس کے علاوہ اس کورس سے 20خواتین ریسکیورز بھی پاس آؤٹ ہوئی ہیں۔تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر، ریسکیوہیڈ کوارٹر و اکیڈمی کے سنئیر آفسران، کیڈٹس، میڈیا نمائندگان اور کیڈٹس کی فمیلیز موجود تھیں۔ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس سے ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر نے حلف لیاکہ بطور ریسکیور میں خلوص نیت، پوری لگن اور دیانت

داری کے ساتھ خدمات سرانجام دوں گا، خدا اور انسان کے بنائے ہوئی فطری اور طبعی قوانین کا احترام کروں گا، میں ایمرجنسی میں کے شکار مریضوں کی مدد ہمیشہ نرمی اور ہمدردی کے ساتھ ذات پات، رنگ و نسل اور مذہبی تعصب سے بالا تر ہو کر کروں گا اورلوگوں کی جان بچانے کے لیے مجھے بری، بحری یا ہوائی راستے سے جہاں جانا پڑا میں وہاں جاؤں گا چاہے اس میں میری جان کو خطرہ ہی کیوں نہ ہو۔وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا پیغام پڑھتے ہوئے ڈی جی ریسکیو پنجاب نے وزیر اعلیٰ کی طرف سے پاس آؤ ٹ ہونے والوں کو مبارکباد دی اور پیغام دیا کیا کہ ایمرجنسی سروس کی اس سال توسیع تمام تحصلوں تک کر دی جائے گی۔مزید یہ کہ موٹر بائیک ریسکیو سروس کی توسیع بھی تمام اضلاع تک رواں سال کے اختتام تک کر دی جائے گی۔ مجھے پورا یقین ہے کہ آپ عملی میدان میں اپنی محنت، لگن اور بھرپور جذبے سے لوگوں کو احساس تحفظ فراہم کریں گے۔ڈی جی ریسکیو پنجاب نے مزید کہا کہ پاس آؤٹ ہونے والا سٹاف جلد ہی موٹر بائیک ریسکیو سروس اورتمام تحصیلوں میں اپنے فرائض سرانجام دینا شروع کر دے گا۔ موٹربائیک ریسکیو سروس تنگ گلیوں، رش والے علاقوں اور ٹریفک جام کی صورت میں فوری ریسکیو سروس فراہم کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔ پنجاب کی 9 ڈویژن میں موٹر بائیک ریسکیو سروس10لاکھ سے زائد ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیو سروس فراہم کر چکی ہے۔ریسکیو 1122ابتک ایک کروڑ سے زائد ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیو کر چکی ہے یعنی ایک کروڑ خاندانوں کو ریسکیو سروس نے ریلیف فراہم کیا ہے۔ اسی طرح فائر ریسکیو سروس 1لاکھ پچانوے ہزار سے زائد آگ کے سانحات میں 575ارب روپے کے ممکنہ نقصانات کو بروقت ریسپانس اور پیشہ وارانہ

فائر فائٹنگ سے بچا چکی ہے۔ہمارا حلف ہے کہ ہم نے دن ہو یا رات آندھی ہو یا طوفان، سانحہ ہو یا آگ ہم بلا امتیاز، رنگ و نسل مذہب سے بالا تر ہو کر فوری ریسکیو سروس فراہم کرنی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی نمائندہ و چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاس آئوٹ ہونے والے ریسکیورز اور انکی فیملی کو مبارکباد دی جنہوں نے اپنے بیٹے اور بیٹیوں کی پیشہ وارانہ خدمات کیلئے بہترین سروس کا انتخاب کیا۔ مسرت جمشید چیمہ نے ریسکیورز کی پیشہ وارانہ تربیت اور شہریوں کو پیشہ وارانہ ایمرجنسی سروسز کی بلا تعطل فراہمی پر ڈی جی ریسکیو اور انکی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کلام پاک کی ایک آیت

"جس نے ایک انسان کی جان بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کو بچایا”کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے انسانیت کی خدمت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو1122دیگر تمام اداروں کیلئے رول ماڈل ہے اور اسکی کامیابی کا تمام سہرا موجودہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ زندگی بچانے کی بنیادی مہارتوں کی تربیت تمام کالجز اور یونیورسٹیز کیلئے لازمی قرار دی جانی چاہیے۔قبل ازیں پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس نے گہرائی سے ریسکیوکرنے، واٹر ریسکیو، فائر فائٹنگ، اربن سرچ اینڈ ریسکیو، تنگ جگہوں اور بلندوبالا عمارتوں سے ریسکیو کی فرضی مشقوں کے دوران ایمرجنسی مینجمنٹ کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔38ویں ریسکیوکورس میں نمایاں کارکردگی کے حامل کیڈٹس کو شیلڈ و سرٹیفکیٹ سے نوازاگیا۔ بیسک 38ویں کورس کے بہترین کارکردگی کے حامل ریسکیورزجن میں اور آل بیسٹ عرفان امجد، میڈیکل میں بہترین انور علی و فردوس علی ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن تھے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button