شادی نہ کروانے پر نوجوان نے باپ کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا

کوہاٹ(این این آئی) ضلع ہنگو کے دیہی علاقہ شاہو خیل کے رہائشی نوجوان نے شادی نہ کروانے پر باپ کے خلاف ضلعی پولیس سربراہ کو درخواست دے دی ہے۔سوشل میڈیا پر چند روز سے زیر گردش یہ درخواست ہنگو شہرکے نواحی علاقہ شاہو خیل کے محمود اللہ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہنگو کے نام دی ہے جس میں درخواست گزار نے تحریرکیا ہے کہ وہ ٹیوب ویل آپریٹر ہے اور اْس کی عمر 28 سال ہوگئی ہے لیکن والد شادی کی بابت بے فکرہے۔ وہ موجودہ بے حیائی کے دور میں اب تک گناہ سے بچا رہا ہے لیکن کب تک؟ اپنی درخواست میں مزید لکھا ہے کہ والد انتہائی سخت دل انسان ہے جو نہیں چاہتا کہ میرا گھر آباد ہوجائے۔ درخواست میں ڈی پی او سے کہا گیا ہے

کہ والد معین گل کو بلاکر تنبیہ کی جائے کہ اپنے جواں سال بیٹے کی شادی کا جلداز جلد بندوبست کرائے۔ واضح رہے کہ محموداللہ حاضر سروس ملازم ہے اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ہنگو میں ٹیوب ویل آپریٹرہے۔ درخواست گزار کے دئے گئے موبائل فون نمبر پرمتعددبار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم محموداللہ کا نمبر مسلسل بند جارہا تھا جبکہ با خبر سرکاری ذرائع نے محموداللہ کی درخواست کی تصدیق کی ہے۔یادرہے کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہنگو نے یہ درخواست مزید کاروائی کے لئے ڈی ایس پی ہنگو سٹی کے نام مارک کردی تھی تاہم پولیس سٹیشن ہنگو سٹی نے رابطہ کرنے پر لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی تک اْن کے پاس ایسی کوئی درخواست نہیں آئی ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button