پاکستان میں چور اور ڈاکو ہم پر مسلط کیے گئے،شیخ رشید کا راولپنڈی میں کارکنوں سےخطاب

راولپنڈی( نیوز ڈیسک)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ یہ لوگ چور دروازے سے اقتدار میں آئے ، یہ اپنے نیب کیسزختم کرنے کیلئے اقتدار میں آئے ، ان کے کیسز سے منسلک ڈاکٹررضوان اور مقصودچپڑاسی بھی مرگئے ۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چور اور ڈاکو ہم پر مسلط کیے گئے ، بارش کے دوران عمران خان کیلئے سب باہر نکلے ہیں ، اگر آج آپ بارش سے ڈر گئے تو کل شیلنگ کا مقابلہ کیسے کریں گے۔ادھر سابق وزیر اعظم عمران خان کی کال پر مہنگائی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مختلف

شہروں میں پی ٹی آئی کارکن سڑکوں پر نکل آئے ، عمران خان ویڈیولنک کے ذریعے کارکنوں سے خطاب کریں گے ، پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد میں ایف نائن پارک اور راولپنڈی میں کمرشل مارکیٹ میں احتجاج کیا جارہا ہے ، کراچی میں شاہراہ قائدین پر مہنگائی کے خلاف مظاہرہ جاری ہے ، لاہور میں لبرٹی چوک اورفیصل آباد میں گھنٹہ گھر چوک پر ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف عوام سراپا احتجاج ہیں ، اسی طرح ملتان میں چوک شاہ عباس اور پشاورمیں ہشت نگری میں پی ٹی آئی کارکنان جمع ہیں۔خیال رہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر 27.82 فیصد ہوگئی ، ادارہ شماریات کی ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ کے مطابق ملک میں رواں ہفتے مہنگائی کی شرح میں تاریخی اضافہ ہوا ہے ، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 3.38 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث مہنگائی کی سالانہ مجموعی شرح 27.82 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ بتایا گیا کہ ایک ہفتے کے دوران 36 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ان شیاء میں سبزیاں، گھی ، گوشت دالیں شامل ہیں ، چکن 12.10 ، آلو 6.89، پکی ہوئی دال 5.90 فیصد اضافہ ہوا ، ایک سال میں لہسن 57.72 ، چکن 51 اور چپل 52 فیصد مہنگے ہوئے ، ایک سال میں دال مسور74.77 ، مسٹرڈ آئل 80.88، ایل پی جی 60.97 فیصد مہنگی ہوئی ، ایک سال میں پیٹرول 110 فیصد، ڈیزل 132 روپے مہنگے ہوئے۔گھی 81 اور خوردنی تیل 71 فیصد مہنگا ہوا ، ایک سال میں پیاز 135 اور ٹماٹر 119 فیصد مہنگے ہوئے، چنے کی دال 5.29 ، بڑا گوشت 5.19 فیصد

مہنگا ہوا۔ رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران 6 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، ایک ہفتے کے دوران 9 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا ، جن اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں ایک سال میں سرخ مرچ 43 ، دال مونگ 18 اور چینی 10.79 فیصد سستی ہوئی ، ایک ہفتے میں پیاز 5.20 ، آٹا 2.19 اور ایل پی جی 1.32 فیصد سستی ہوئی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button