ایک روپے 50 پیسےاضافے کے بعد امریکی کرنسی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

کراچی ( نیوز ڈیسک ) ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت ہر روز نئے ریکارڈ قائم کرنے لگی ، انٹربینک میں امریکی کرنسی کے نرخ میں 1 روپے 50 پیسے اضافہ ‘ 208 روپے کی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر آگئی ۔ تفصیلات کے مطابق ہر گزرتے دن کی طرح آج ایک بار پھر ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا ، جس کے ساتھ ہی امریکی کرنسی کے انٹربینک نرخ ایک روپے 50 پیسے اضافے کے بعد 207.95 روپے کی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر آگئے ، ناصرف انٹر بینک بلکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا اور اس کی قیمت 209 روپے سے بھی زائد ہوگئی۔

دوسری جانب وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ آج جو کچھ ہو رہا ہے اچھا ہے یا برا، اس کی ذمہ داری میری ہے ، میں کسی پر ذمہ داری نہیں ڈالوں گا ، اس وقت مہنگائی ہے تو اس کا ذمہ دار میں ہوں ، ٹھیک کرنا میرا کام ہے، اگر ٹھیک نہیں کر سکا تو مجھے نکال دینا چاہئیے۔انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ روس نے ہمارے خط کا جواب نہیں دیا ، ہم نے سفارتکار بھیجا جس پر روس نے تیل دینے سے صاف انکار کردیا ، روس نے واضح طور پر کہا کہ آپ نے 2015ء میں گیس پائپ لائن کا معاہدہ نہیں کیا ، وہ بہانہ بنا کر کہہ رہے ہیں کہ مزید بات نہیں کریں گے ،اگر روس 30 فیصد سستا تیل دے تو ہم لے لیں گے ، ہم روس سے گندم خریداری کیلئے بات چیت کررہے ہیں، کابینہ اور وزیراعظم نے اس کی منظوری دے دی ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے وزیر خزانہ نے کہا کہ پیٹرول پر ایک سال میں 200 ارب روپے کا نقصان کیا گیا ، ڈیزل پر 59 روپے کا اب بھی نقصان اٹھارہے ہیں ، وزیراعظم نے سستا پیٹرول اور سستا ڈیزل اسکیم نکالی ہے ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 80 لاکھ افراد کو 2 ، 2 ہزار روپے دیئے گئے ، اس کے علاوہ 60 لاکھ لوگوں کو رجسٹرڈ کررہے ہیں ، انہیں بھی 2 ، 2 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button