ریڈ زون میں کسی کو آنے کی ہرگز اجازت نہیں، خلاف ورزی کرنے پر سختی سے نمٹا جائے گا،آئی جی اسلام آباد

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) آئی جی اسلام آباد پولیس ڈاکٹراکبرناصر خان نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کیلئے ہدایات جاری کردیں، انہوں نے کہا کہ ریڈ زون میں کسی کو آنے کی ہرگز اجازت نہیں، خلاف ورزی کرنے پر سختی سے نمٹا جائے گا، دیگر مقامات پر طاقت کا استعمال نہ کیا جائے گا، مظاہرین سے پرامن رہنے کی اپیل ہے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس نے ٹویٹر پر آئی جی اسلام آباد پولیس ڈاکٹراکبرناصر خان کا بیان جاری کیا جس میں آئی جی اسلام آباد پولیس نے کہا کہ ریڈ زون میں کسی کو آنے کی ہرگز اجازت نہیں،اگر کسی نے ریڈ زون آنے کی کوشش کی تو سختی سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دیگر مقامات پر افسران کو ہدایات ہیں کہ قوت کا استعمال نہ کریں، مظاہرین سے اپیل ہے کہ پرامن رہیں پولیس پر پتھراؤ اور املاک کو نقصان نہ پہنچائیں۔اس سے قبل ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا کہ لانگ مارچ میں شریک مظاہرین نے بلیو ایریا میں درختوں اور گاڑی کو آگ لگا دی۔ پولیس نے فائربریگیڈ کو بلوا لیا۔ کچھ جگہوں پر آگ بجھا دی گئی جبکہ مظاہرین نے ایکسپریس چوک میں دوبارہ درختوں کو آگ لگا دی۔ریڈ زون کی سکیورٹی کو مزید بڑھا دیا گیا ہے۔ اسی طرح انہوں نے صحافی پر تشدد کے واقعے پر کہا کہ اسلام آباد پولیس کی طرف سے کسی صحافی پر کوئی تشدد نہیں کیا گیا۔ تمام افسران کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ صحافیوں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے اور انہیں کسی جگہ کوریج سے نہ روکاجائے تاکہ وہ اپنے پیشہ وارانہ فرائض باآسانی سرانجام دے سکیں۔مزید برآں سپریم کورٹ آف پاکستان نے پی ٹی آئی لانگ مارچ سے متعلق کیس کی سماعت کی، سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دے دی، عدالت نے پی ٹی آئی کو ایچ نائن اور جی نائن کے درمیان گراونڈ میں جلسہ گاہ فراہم کرنے کا حکم دیا۔ جے یوآئی کو جو گراونڈ فراہم کیا گیا وہی پی ٹی آئی کو بھی دیا جائے،ایسا پلان دیا جائے لوگ پرامن جلسہ گاہ میں آئیں اور واپس چلے جائیں، یہ نہ ہو کہ جلسے کے بعد فیض آباد یا موٹروے بند کردی جائے۔جی این این کے مطابق سپریم کورٹ نے حکومت کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کرنے روک دیا، عدالت نے کہا کہ سیاسی کارکنوں اور سپورٹرز کی

بھی غیرقانونی گرفتاریاں نہ کی جائیں، سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ پی ٹی آئی کے گرفتار کارکنوں اور قائدین کو رہا کیا جائے، گزشتہ 48 گھنٹے میں پکڑی گئی بسیں چھوڑنے اور ان کے روٹ بحال کرنے کی بھی ہدایت کی، عدالت نے حکم دیا کہ گھر کی چادر اور چاردیواری کا تقدس یقینی بنایا جائے، عدالت نے کہا کہ وزارت داخلہ طاقت کا غیرضروری استعمال کرنے سے گریز کرے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button