پاک افواج کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، امید ہے یہ جاری رہیں گے،ترجمان پینٹا گون

واشنگٹن (نیوز ڈیسک )امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرتے ہیں ، پاک افواج کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں‘ امید ہے یہ جاری رہیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ خطے میں پاکستان کا کلیدی کردار ہے ، پاکستانی عوام اپنے ملک میں دہشت گردی کا شکار ہوئے ہیں ، خطے میں سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان اورامریکہ کا مفاداتی اشتراک ہے ، پاکستان کے اندرونی سیاسی صورتحال پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے ، پاکستان کے نئے وزیر اعظم یا ان کی حکومت سے

کوئی بات چیت نہیں ہوئی تاہم پاک افواج کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور امید ہے یہ جاری رہیں گے۔پینٹاگون ترجمان سے جب عمران خان کے پاکستانی حکومت کی تبدیلی میں امریکہ کے ملوث ہونے کے الزام اور شہباز شریف کے وزیراعظم بننے پر سوال کیا گیا تو انہوں نے اس کا جواب دینے سے معذرت کرلی اور کہا کہ میں پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات پرکوئی بات نہیں کروں گا ۔جان کربی نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے حوالے سے امریکہ اور پاکستان کے مشترکہ مفادات ہیں، ہمارے پاکستان سے اچھے عسکری تعلقات ہیں اور ہم ان میں تسلسل کے لیے پرعزم ہیں ،ہمیں اس بات کا اعتراف ہےکہ پاکستان اور پاکستانی عوام ملک میں دہشت گرد حملوں سے متاثر ہوئے ہیں اور پاکستان کا خطے میں بنیادی کردار رہا ہے۔ادھر امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے شہبازشریف کو وزیراعظم بننے پر مبار کباد پیش کی ہے ، اپنے ایک بیان میں کہا کہ نو منتخب وزیراعظم شہبازشریف کو مبارکباد دیتےہیں، پاکستان 75 برسوں سے وسیع ترباہمی مفادات کا اہم شراکت دارہے ، ہم پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعاون کو آگے بڑھانے کے منتظر ہیں جبکہ امریکا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، امریکا پاکستان کو مضبوط،خوشحال اور جمہوری ملک کے طور پر دیکھتا ہے جو باہمی مفادات کے لیے لازم ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button