عمران خان کا مقابلہ کٹھ پتلیوں سے نہیں ان کے بیرونی آقاؤں سے ہے،زرتاج گل کا ٹویٹ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیرمملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ عمران خان کا مقابلہ کٹھ پتلیوں سے نہیں ان کے بیرونی آقاؤں سے ہے، بدعنوان سیاسی بونوں کی کیا اوقات کہ وزیراعظم ان سے راستہ مانگے؟ کپتان ان بونوں کیلئے ڈراونہ خواب ہے جو سچ ثابت ہوتا رہا ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ان بدعنوان سیاسی بونوں کی کیا اوقات کہ وزیراعظم ان سے راستہ مانگے! عمران خان کا مقابلہ ان کٹھ پتلیوں کے بیرونی آقاؤں سے ہے۔انہوں نے کہا کہ کپتان ڈٹ کر کھڑا ہے، وفاق کی علامت ہے، قوم کی شان ہے۔ اور ان بونوں کے لئے ہمیشہ سے ہی ڈراونہ خواب ہے جو سچ ثابت ہوتا رہا ہے۔

اسی طرح وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھمکی آمیزمراسلے کو پہلے قومی سلامتی کمیٹی میں لایا گیا، پھر پارلیمان کا ان کیمرہ اجلاس طلب کیا گیا، جس کے بعد وزیراعظم عمران خان آج رات قوم سے خطاب کریں گے۔پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے، آئینی طریقے سے حکومت کی تبدیلی ہو توکوئی حرج نہیں، اپوزیشن حکومت کیخلاف سازش میں پوری طرح ملوث ہے، قابل اعتراض دستاویز غیرملک سے پاکستان کو بھیجی گئی۔ فواد چودھری نے کہا کہ اس معاملے پر پارلیمان کی سیکیورٹی کمیٹی کو بھی طلب کیا گیا ہے، حکومت آئینی طریقہ کار سے تبدیل ہو تو کوئی اعتراض نہیں۔فواد چودھری نے کہا کہ دھمکی آمیز خط اپوزیشن کے کچھ رہنما سازش میں ملوث ہیں، ہم نے انہیں بلایا کہ آئیں اور ثبوت دیکھ لیں، ان کا انکار اس مؤقف کو تقویت دے رہا ہے کہ یہ اس سازش کا حصہ ہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کو چاہیے تھا کہ وہ اپنی آنکھوں سے اس خط کو دیکھ لیتے، اس سازش میں اپوزیشن کے تمام لوگ شامل نہیں ہیں، حکومت کیخلاف سازش نوازشریف کے اپارٹمنٹ سے شروع ہوئی، نوازشریف کی ملاقاتیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔فواد چودھری نے کہا کہ منحرف ارکان کو کہنا چاہتا ہوں کہ اپنے فیصلے کو روکیں، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی اجلاس میں آئیں، عمران خان آخری گیند تک لڑنے والے کھلاڑی ہیں، کوئی بھی استعفے کی توقع نہ رکھے، ذوالفقار بھٹو کے دور کے بعد عمران خان کے دور میں خارجہ پالیسی آزاد ہوئی، پاکستان کے لوگ اس سازش کو دیکھ رہے ہیں، ہم پاکستان کی حاکمیت پر ہونے والے سودے کو مسترد کرتے ہیں، ہم پاکستان کی عزت کیلئے کھڑے رہیں گے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button