بنی گالامیں جادو ٹونے کیلئے مرغیوں کے منوں گوشت کیساتھ کیا کچھ کیا جاتا ہے؟شہباز شریف نے تہلکہ خیز دعویٰ کردیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے ک عمران خان سے بات چیت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،ایسا شخص جو انا پرست ہو، دن رات جھوٹ بولتا ہو،اُس سے بات نہیں ہو سکتی۔ ٹی وی انٹرویو میں گفتگو کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان اب اقتدار کے بغیر ایک منٹ بھی نہیں رہ سکتے، پونے چار سال میں عمران خان نے انتہائی تکبرانہ انداز اپنایا، وزیر اعظم سمجھتے ہیں ان کو اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کی ضرورت نہیں ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ اب ان کی دم پر پاں رکھا گیا ہے تو لوگوں سے ملاقات کر رہے ہیں،

عمران خان کہتے تھے کہ آزاد امیدواروں کو نہیں لوں گا، مگر وہ آزاد امیدواروں کو بنی گالا میں تحریک انصاف کا دوپٹہ پہناتے رہے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اسپیکر کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں جو قانون شکنی وہ کرچکے ہیں آرٹیکل 6 لگے گا، تحریک عدم اعتماد 8 مارچ کو جمع کی گئی، اسپیکر جان بوجھ کر تاخیر کرتے رہے۔شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کے سرپرائز سے پہلے ہم ان کو سرپرائز دیں گے، عمران خان کے ذہن کا مرض بڑھتا جارہا ہے، اس کو مزید بڑھائیں گے، ان کے خلاف اصل لاوا پی ٹی آئی کے اندر اور عوام میں پک رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی مارچ کو لاہور سے مریم نواز اور حمزہ شہباز لیڈ کر رہے ہیں، پی ڈی ایم عمران خان کو سیاسی آئینے کے ذریعے اس کا اصل چہرہ دکھائیں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان اپنی دنیا میں رہتے ہیں، وہ انا پرست، محسن کش اور احسان فراموش ہیں، ہمیں جو والدین نے سکھایا سب کچھ نہیں تو کچھ تو پلے باندھا ہوا ہے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ عمران خان تاریخ کے بدترین فاشسٹ ہیں، عمران خان نے اقتدار کے لیے گھٹنوں کو ہاتھ لگائے، ضمیر کی آواز پر آنے والے دنیا کو اپنا پیغام دے رہے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ ہم ہر وہ قدم اٹھائیں گے جو غیر آئینی قدم سے پاکستان کو بچالے، کل اجلاس میں اسپیکر کو کہیں گے کہ فاتحہ خوانی کے بعد کارروائی شروع کریں، اگر اسپیکر کارروائی نہیں شروع کرتے تو ہر آئینی، قانونی، سیاسی گر استعمال کریں گے۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ مارچ کے اسلام آباد پہنچنے سے پہلے حکومت کا بستر گول ہوچکا ہوگا، ہماری کسی سے ذاتی لڑائی نہیں، ہماری جنگ مہنگائی اور غربت کے خلاف ہے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ بنی گالا میں جادو ٹونے کے لیے مرغیوں کا منوں گوشت جلایا جاتا ہے اور وہ یہ بات پوری ذمہ داری سے کر رہے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button