عمران خان لوگوں سے کتوں کی طرح برتاؤ نہ کریں، نور عالم خان

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے منحرف ممبر قومی اسمبلی نور عالم خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان لوگوں سے کتوں کی طرح برتاؤ نہ کریں۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نور عالم کا کہنا تھا کہ ہر انسان کی عزت کریں اور وزیراعظم انہیں ڈکٹیٹ کرنے کی کوشش نہ کریں۔ نور عالم خان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 63 اس وقت لاگو ہوتا ہے جب کوئی رکن اپنی پارٹی کے خلاف ووٹ ڈالے، ابھی تک میں پاکستان تحریک انصاف کا رکن قومی اسمبلی ہوں۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ، عدالت اور عوام کے ساتھ ضمیر کا سودا کیا جارہا ہے،
وقت آگیا ہے عوام فیصلہ کرے کہ وہ کس کے ساتھ کھڑی ہے ، ضمیر کا سودا کرکے حکومت بچاؤں تو ایسی حکومت پر لعنت بھیجتا ہوں ۔ تفصیلات کے مطابق مالاکنڈ ڈویژن کی تحصیل درگئی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اس وقت دو راستے ہیں کہ چوروں اور ڈاکوؤں کا ساتھ دیں یا ان کی طرف جائیں جو 25 سال سے کرپشن کے خلاف بات کررہے ہیں ، اب فیصلہ کن وقت آگیا ، لوٹے اور ضمیر فروش میں فرق ہے ، ایک لوٹا ہے جو کسی اور طرف چلا جائے جب کہ دوسرا وہ ہے جو پیسوں کی خاطر اپنا ضمیر اور دین فروخت کردے ، ڈاکو اور چور پیسوں کے ذریعے ہماری ایم این ایز کو خریدنے کی کوشش کررہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ساری قوم کے سامنے ضمیر کا سودا ہورہا ہے، عوام، عدلیہ اور الیکشن کمیشن سب کے سامنے یہ سب کچھ ہورہا ہے، میں اپنی قوم سے کہتا ہوں کہ اب فیصلے کا وقت آگیا ہے کہ آپ کہاں کھڑے ہیں؟ جب سندھ ہاؤس میں نوٹوں کی بوریاں لائی جائیں اور برائی سب کے سامنے آجائے تو اللہ کا حکم ہے برائی کے خلاف اور اچھائی کے ساتھ کھڑے ہوجاؤ ، یہ نہیں کہا کہ نیوٹرل رہو۔ عمران خان نے کہا کہ ن لیگ والوں نے آصف زرداری کو اربوں کی کرپشن پر دو بار جیل بھیجا ، پیپلز پارٹی نے نواز شریف پر چوری کے کیسز بنائے ، ان دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے پر کیسز بنائے اور ایک دوسرے کو چور کہا آج یہ اپنی اپنی چوری بچانے کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button