ایک ارب ڈالر کی منشیات،نئی تاریخ رقم ہوگئی، پولیس نے اتنی زیادہ منشیات پکڑلی کہ تھانہ بوریوں سے بھر گیا

کراچی(نیوز ڈیسک)ایک ارب ڈالر کی منشیات پولیس اہلکاروں کے لیے مصیبت بن گئی،پولیس اہلکار دو دن سے منشیات کی کھیپ کی پیکنگ میں مصروف رہے۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد کی تاریخ میں پہلی بار اتنی بڑی مالیت کی پکڑی جانے والی منشیات سے پولیس اہلکاروں کی شامت آ گئی۔پولیس اہلکار دوسرے روز بھی منشیات کی پیکنگ میں مصروف رہے۔پیکنگ کے بعد منشیات کی بوریوں سے پورا تھانہ بھر گیا۔سرجانی تھانے کے کئی کمرے منشیات کے بوروں سے بھرے ہوئے ہیں۔دو روز قبل پولیس نے کراچی کی تاریخ کی بڑی کارروائی کرتے ہوئے 1 ارب ڈالر سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کی تھی،

یہ کارروائی ایسٹ زون پولیس کی جانب سے ناردرن بائی پاس کے قریب خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی ،جس کے بارے میں ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب نے بتایا کہ گاڑی کی تلاشی کے دوران منشیات پکڑی گئی ، گاڑی کے ڈرائیور نے دوران تفتیش منشیات کی بڑی کھیپ کی نشاندہی کی۔بتایا گیا کہ برآمد منشیات کی بین الاقوامی سطح پر مالیت ایک ارب سے زائد بنتی ہے اور اس منشیات کا وزن تقریباً ساڑھے پانچ ٹن ہے ، پکڑی گئی کھیپ میں چرس ، افیون اورہیروئن شامل ہے ، جس کے بارے میں پولیس حکام نے دعویٰ کیا کہ یہ اب تک پکڑی سب سے بڑی منشیات کی کھیپ ہے ، گروہ کے مزید کارندوں کی گرفتاری کیلئے کوششیں جا ری ہیں۔ پولیس کے مطابق ہیروئن اور ڈرکس کیمیکل سمیت پانچ ٹن سے زائد منشیات قبضے میں لی گئی جسے کسی اور مقام پر منتقل کیا جانا تھا۔دوسری طرف اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات کی بھاری کھیپ اسلام آباد اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ، اے این ایف حکام کے مطابق خفیہ اطلاعات پر اے این ایف انٹیلی جنس اور اے این ایف اسلام آباد نے مل کر ایک کارروائی کی ، اس دوران موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب 2 مشکوک گاڑیوں کو روک کر چیک کیا گیا تو ویگو ڈبل کیبن اور کار سے مجموعی طور پر 240 کلو منشیات برآمد ہوئی ، جس میں 162 کلو چرس اور 78 کلو افیون شامل ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button