اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد منظور ہونے پر مسلم ممالک وزیراعظم پاکستان کے مشکور

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ نے 15مارچ کو اسلامو فوبیا کیخلاف عالمی دن قرار دے دیا۔اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد منظور ہونے پر مسلم ممالک وزیراعظم پاکستان کے مشکور ہیں۔جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق عربی چینل المستکلہ ٹی وی کے چئیرمین اور پی ایچ ڈی اسکالر جناب محمد الہاشمی الحمدی نے اسلاموفوبیا کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔محمد الہاشمی الحمدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے اسلاموفوبیا کے خلاف قرارداد منظور ہونے پر وزیراعظم اور پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ عمران خان، آپ کی اس عظیم سیاسی اور ثقافتی کامیابی تک پہنچنے کے لیے آپ کی تمام کوششوں کے لیے اللہ تعالیٰ آپ کو اجر عظیم عطا فرمائے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایسا کارنامہ ہے جو کہ اسلام، تمام مسلمانوں اور عالمی امن کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ پاکستان کے پیارے لوگوں، صرف اسلامی مقاصد کے حصول کے لیے آپ کے قائدانہ کردار اور خدمات کے لیے عرب اور دنیا بھر کے مسلمان آپ کے بے حد مشکور ہیں۔اقوام متحدہ کے پوڈیم سے ہماری نبی ﷺ کے دفاع میں کہے گئے عمران خان کے الفاظ اب بھی یاد ہیں۔انہوں نے کہا وہ عمران خان کی عزت کرتے ہیں اور ان کے لیے دعا کرتے ہیں کیونکہ وہ حکمت اور حوصلے کے ساتھ اسلام اور اپنے پیغمبر کا دفاع کر رہے ہیں۔انہوں نے لکھا کہ وہ عمران خان میں ایک مخلص اعتدال پسند مسلمان کو دیکھتے ہیں جو کہ پاکستان اور امت مسلمہ کی خدمت کرتا ہے۔ انہیں عمران خان کو مدینہ میں ننگے پاؤں چلتے اور مودی کی انتہا پسندانہ پالیسیوں کے خلاف کھڑے ہوتے دیکھنا اچھا لگا۔جبکہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسلاموفوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کے خلاف ہماری آواز سنی گئی، اقوام متحدہ نے اوآئی سی کی ایماء پر پاکستان کی پیش کردہ تاریخی قرارداد منظور کرلی ہے، اقوام متحدہ کیلئے اگلا چیلنج قرارداد پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میں آج امتِ مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ اسلاموفوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کے خلاف ہماری آواز سنی گئی اور 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن کے طور پر مقرر کرتے ہوئے اقوام متحدہ نے او آئی سی کی ایماء پر پاکستان کی پیش کردہ تاریخی قرارداد منظور کی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button