تحریک انصاف کا اسلام آباد میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے کا اعلان

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کا اسلام آباد میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے کا اعلان، وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماوں کو 10 لاکھ لوگوں کو جمع کرنے کا ٹاسک دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق حکمراں جماعت تحریک انصاف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس حوالے سے جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف نے اسلام آباد جلسے میں بھرپور قوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 لاکھ لوگوں کو لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماوں کو ڈی چوک جلسے میں 10 لاکھ لوگوں کو جمع کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔

وزیر اعظم نے تحریک انصاف کی اسلام آباد تنظیم کو جلسے کی میزبانی کی ہدایت کی ہے۔بتایا گیا ہے کہ یہ جلسہ تحریک عدم اعتماد سے ایک دن قبل کیا جائے گا۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ارکان قومی اسمبلی اور مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان نے ملاقاتیں کیں۔ ان ارکان میں راولپنڈی، پشاور اور چکوال سے تعلق رکھنے والے شامل ہیں۔ ملاقات میں کنول شوزب، بیگم شاہین سیف اللہ طورو، نفیسہ عنایت اللہ خٹک، شیخ راشد شفیق، منصور حیات اور ذوالفقارعلی خان دیگر شریک ہوئے۔وزیراعظم عمران خان نے ارکان کو عوام سے روابط مزید مضبوط کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پارٹی سے غداری کرنیوالوں کیخلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے، عدم اعتماد میں اپوزیشن کو شکست ہوگی، اپوزیشن معاشی ترقی کا سفر روکنا چاہتی ہے۔ حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کے باعث دیوالیہ معیشت کو استحکام ملا، حکومت عوام کی پریشانیوں سے پوری طرح آگاہ ہے، حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 10 روپے کمی کی، حکومت نے بجلی کی قیمت میں بھی فی یونٹ 5 روپے کمی کی، حکومت نے عوام دوست اقدامات کیے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئی ٹی کو فروغ دینے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے ٹیکس میں چھوٹ دی، کامیاب پاکستان پروگرام میں کاروباری قرضوں پر407 ارب کی سبسڈی دی جائے گی، احساس پروگرام کا وظیفہ 12 ہزار سے بڑھا کر14ہزار روپے کردیا ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button