پشاور دھماکہ،پولیس نے جسمانی اعضا اور فنگر پرنٹ سے شناخت کرلی، سہولت کار بھی گرفتار

پشاور(نیوز ڈیسک)پشاور کی جامع مسجد کوچہ رسالدار پر خودکش حملہ کرنے والے خودکش بمبار کے جسمانی اعضا اور فنگر پرنٹ سے دہشت گرد کی شناخت ہوگئی ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق خیبر پختون خوا حکومت نے دعویٰ کیا کہ واقعہ میں ملوث نیٹ ورک کا پتہ لگا لیا گیا ہے۔پشاور کی جامع مسجد کوچہ رسالدار میں خودکش حملہ آور کو لانے والے کچھ سہولت کاروں کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔دہشت گرد اور اس کے ساتھیوں کو لانے والے رکشہ ڈرائیور تک پولیس نے رسائی حاصل کر لی ہے۔پولیس کے مطابق دہشت گرد تربیت یافتہ تھا، واقعے کے بعد جائے وقوع اور اطراف میں جیو فسنگ بھی کی گئی۔

نجی ٹی وی کے مطابق خود کش حملہ آور کے جسمانی اعضاء اور فنگر پرنٹس بھی حاصل کیے گئے جن سے اب اس کی شناخت کا دعویٰ سامنے آیا تاہم پولیس نے دہشت گرد کی شناخت ابھی ظاہر نہیں کی ہے۔گزشتہ روز پشاور پولیس کی جانب سے خودکش حملہ آور کے خاکے تیار کر لینے کا دعویٰ بھی سامنے آیا تھا۔سی سی پی او پشاور کے مطابق خودکش حملہ آور اپنے طریقہ واردات سے کافی تربیت یافتہ لگ رہا تھا، اطلاعات کے مطابق خودکش حملہ آور نے 3 سے 4 سال تک تربیت حاصل کی تھی۔انہوں نے بتایا کہ مسجد کے گیٹ پر چیکنگ کے لیے ایک کانسٹیبل غیر مسلح جبکہ دوسرا اسلحے سے لیس تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں