سو فیصد یقین کے ساتھ کہہ رہا ہوں تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی، فضل الرحمن

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے صدر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ100 فیصد یقین کے ساتھ کہہ رہا ہوں تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی، اگلے 2 سے 3 دن بہت اہم ہیں، اپوزیشن اپنا ہوم ورک مکمل کرچکی ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی لیڈرشپ نوازشریف اور آصف زرداری ودیگر قیادت اس وقت مسلسل رابطے میں ہے، حکومتی اتحادیوں سے بھی رابطے میں ہیں،حکومتی اتحادیوں پر انحصار نہیں کر رہے، ہمارا انحصار انفرادی شخصیات پر ہے، ہمارے پاس تحریک کی کامیابی کیلئے نمبرز پورے ہیں۔

ہماری لیگل ٹیم رابطے میں ہے سارے امور کو دیکھا جارہا ہے، عدم اعتماد لانے اور قومی اسمبلی اجلاس کی ریکوزیشن دونوں پر غور ہورہا ہے، اسی طرح عدم اعتماد کس کیخلاف لائی جائے اس پر لیگل ٹیم غور کر رہی ہے، 100 فیصد یقین کے ساتھ کہہ رہا ہوں تحریک عدم اعتماد کی کامیابی یقینی ہے، ہوسکتا ہے اگلے48 گھنٹوں میں بڑی خوشخبری آجائے، اگلے 2 سے 3 دن بہت اہم ہیں۔اپوزیشن کے درمیان کسی نکتے پر کوئی اختلاف نہیں،نئی حکومت کے قیام سے متعلق کوئی بات چیت نہیں ہوئی، جب وہ مرحلہ آئے گا تو اس پر بھی فیصلہ ہوجائےگا، تمام اراکین اسمبلی کو اسلام آباد فوری پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ مزید برآں پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء رانا تنویز نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد لائیں گے اور حکومتی اتحادیوں کے بغیر کامیاب بنائیں گے، انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اتحادیوں کو توڑے بغیر ہی تحریک عدم اعتماد لائینگے اور پھر تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بھی بنائیں گے، قومی اسمبلی اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن پر ارکان سے دستخط کرانا شروع کردیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ چودھری برادران نے بھی ذہن میں فیصلہ کرلیا ہے،چودھری برادران سیاسی اور تجربہ کار لوگ ہیں، وہ نسل در نسل سیاست کررہے ہیں، چودھری برادران پاکستان اور عوام کے مفاد میں مثبت فیصلہ کریں گے۔ اپوزیشن پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کیلئے بھی مکمل تیاری میں ہے، لیکن یوں لگ رہا ہے جیسے حکومت اجلاس بلانے میں تاخیری حربے استعمال کرے گی، تزئین وآرائش کے بہانے شرو ع کر دے گی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button