قوم سے وعدہ ہے جتنا ٹیکس دیں گے وہ اپنے نچلے طبقے پر لگاؤں گا،وزیراعظم

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ایف بی آر نے پاکستان کی تاریخ کا ریکارڈ ٹیکس جمع کیا ہے، ہمارے پاس جتنے پیسے آئیں گے ہم غریبوں پر خرچ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں بلاسود قرضوں کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان ایک بڑے خواب کا نام تھا، ہم نے ایک مثالی اسلامی فلاحی ریاست بننا تھا۔پاکستان پروگرام کے تحت بلا سود قرضوں کا پروگرام بہترین منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خواب کا نام تھا جبکہ نبی کریم ﷺ نے مدینہ میں فلاحی ریاست بنا کر دکھائی، غیر مسلم ممالک میں انسانوں کے درمیان

تقسیم نہیں ہے اور اگر پاکستان کو آج عزت نہیں ملی تو اس کی وجہ صرف نظریہ سے ہٹ کر چلنا تھا۔عمران خان نے کہا کہ ہم نے اسلامی اصولوں پر پاکستان کو کھڑا کرنا تھا لیکن جس نظریے کے تحت پاکستان بنا تھا ہم اس پر نہیں چلے اور جو قوم اپنے نظریے سے ہٹتی ہے وہ کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔رسول اللہﷺ فرماتے تھے کہ میری بیٹی بھی چوری کرتی تو ہاتھ کاٹ دیا جاتا اور کل ہم رحمت اللعالمین اتھارٹی کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بڑے خواب کا نام تھا، ہمیں مثالی اسلامی فلاحی ریاست بننا تھا، لیکن یہ افسوس ناک ہے کہ 1947 میں جو ہمارا قبلہ ہونا چاہیے تھا ہم اس پر نہیں چل سکے، پاکستان جس نظریے پر بنا تھا اس پرنہیں چل سکے اور جوانسان اپنے نظریے سے ہٹتا ہے وہ بھٹک جاتا ہے۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایف بی آر نے سب سے زیادہ ٹیکس جمع کیا ہے، ہمارے پاس پیسے زیادہ آئے جس پر بجلی کا فی یونٹ 5 روپے اور پیٹرول و ڈیزل 10 روپے فی لیٹرکم کیا۔ قوم سے کہتا ہوں کہ جتنا ٹیکس دیں گے وہ پیسا نچلی سطح تک لگاؤں گا، سود کے بغیرقرضے دیے جا رہے ہیں، اپنا گھربنانے کے لیے 20 لاکھ روپےکا قرض بغیرسود کے دے رہے ہیں، ہمارا مقصد ہےکہ لوگ اپنے پاؤں پرکھڑے ہوں۔وزیر اعظم نے کہا کہ جو قوم طاقتور کو چھوڑ کر کمزور کو سزا دے وہ تباہ ہو جاتی ہے۔ مسلمانوں نے کئی سال تک دنیا کی امامت کی۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے پہلی بار پاکستان میں ریکارڈ ٹیکس ہدف حاصل کیا۔ دنیا میں تیل اور

بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور ہمارے ملک میں اپنا گھر بنانا بہت مہنگا ہے لیکن حکومت بینکوں کو سبسڈی دے کر عوام کو فائدہ دے رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہر شہر میں کچی آبادیاں بڑھتی جا رہی ہیں، کراچی میں 40 فیصد کچی آبادی ہے، لاہور میں بھی کچی آبادیاں بڑھ گئی ہیں، قرض بلا سود اس لیے دے رہے ہیں تاکہ غریب لوگ بھی اپنے گھر کا خواب دیکھ سکیں۔ انہوں نے پروگرام کے منتظم ڈاکٹر امجد کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے زندگی کا مقصد سمجھا کہ اللہ آخرت میں اس کو نوازتا ہے جو دنیا میں لوگوں کی مدد کرتا ہے۔پروگرام سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا

کہنا تھا کہ ہمارے 45 لاکھ خاندان غریب ہیں، اس پروگرام کے ذریعے شہری علاقوں میں رہنے والوں کو 5 لاکھ روپے بلا سود قرضہ جبکہ دیہی علاقوں میں کھیتی باڈی کے لیے ساڑھے 3 لاکھ روپے قرضہ دیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کارڈ پر فخر ہے، مارچ کے آخر تک پنجاب کے تمام خاندانوں کے پاس ہیلتھ کارڈ آ جائے گا، ہیلتھ کارڈ کے ذریعے اچھے سے اچھے اسپتال جاکرعلاج کروایا جا سکتا ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button