اسلام آباد میں نیا انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کرنے کی تصدیق

لاہور( نیوز ڈیسک )وزیر داخلہ شیخ رشید نے تصدیق کی ہے کہ حکومت نے اسلام آباد میں جدید ترین کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اس ہائی ٹیک سٹیڈیم میں دورہ کرنے والی بین الاقوامی ٹیموں کے قیام کے لیے ایک فائیو سٹار ہوٹل بھی ہوگا۔ اس سے نہ صرف دورہ کرنے والی ٹیموں کی سکیورٹی میں مدد ملے گی بلکہ پورے شہر میں ٹریفک کا بوجھ بھی کم ہوگا۔شیخ رشید نے انکشاف کیا کہ حکومت نے پہلے ہی کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو سٹیڈیم اور فائیو سٹار ہوٹل کی تعمیر کا عمل شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ شیخ رشید نے منگل کی صبح پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ میں نے سی ڈی اے کے چیئرمین عامر احمد علی

سے کہا ہے کہ وہ دارالحکومت میں بین الاقوامی معیار کے سٹیڈیم اور ہوٹل کی تعمیر کا عمل شروع کریں۔جلد ہی ٹینڈرنگ کا عمل شروع ہو جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق سی ڈی اے نے نئے سٹیڈیم کی تعمیر کے لیے چند مقامات پر غور کیا ہے۔ مارگلہ کے پہاڑوں کے دامن کو اردگرد کی خوبصورتی اور رسد کی وجہ سے ایک مثالی مقام سمجھا جاتا ہے تاہم جگہ کے حوالے سے حتمی فیصلہ مقررہ وقت پر کیا جائے گا۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے انکشاف کیا تھا کہ پی سی بی کا ہدف ہے کہ سٹیڈیم 2025ء تک تیار ہوجائے کیونکہ پاکستان 2025ء کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنے والا ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button