وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں تاریخ ساز فیصلے

لاہور(نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا51واں اجلاس منعقد ہوا،4گھنٹے جاری رہنے والے طویل اجلاس میں اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے پنجاب سول سرونٹس ایکٹ1974میں ترمیم کی منظوری دے دی جس کے تحت جنوبی پنجاب کے لئے ملازمتوں میں کوٹہ مختص کرنے کا تاریخ ساز فیصلہ کیاگیا۔کابینہ نے اتفاق رائے سے جنوبی پنجاب کیلئے ملازمتوں میں 32فیصدکوٹہ مختص کرنے کی منظوری دی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب کے دیگر پسماندہ اضلاع کے لئے ملازمتوں میں کوٹہ مختص کرنے کیلئے کمیٹی کو سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی۔

کابینہ نے مسلم فیملی لاز آرڈیننس1961کے تحت ویسٹ پاکستان رولز میں ترمیم کی منظوری دی۔ اس ترمیم سے نکاح نامے میں ختم نبوتؐ کے حلف نامے کی شق شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور نکاح کے وقت دولہا دلہن کو ختم نبوتؐ پر ایمان کا حلف دینا ہوگا۔کابینہ نے سی پیک کے تحت کارپوریٹ فارمنگ کیلئے سرکاری اراضی لیز پر دینے کی اصولی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کارپوریٹ فارمنگ کیلئے لیز کے قواعد و ضوابط طے کرنے کیلئے وزارتی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی۔پنجاب میں 500ایکڑ سے5ہزار ایکڑ اراضی کارپوریٹ فارمنگ کیلئے استعمال ہوسکے گی۔کارپوریٹ فارمنگ کے فروغ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اورفوڈ سکیورٹی اورجدیدزراعت کو فروغ ملے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب میں کچی آبادیوں کومالکانہ حقوق دینے کی پالیسی کو آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ کابینہ نے پنجاب سہولت بازار اتھارٹی ایکٹ2021کی منظوری دی۔پنجاب بھر میں مستقل بنیادوں پرانصاف سہولت بازار قائم کیے جائیں گے۔انصاف سہولت بازاروں میں عوام کو سستے داموں اشیاء ضروریہ فراہم کی جائیں گی۔اتھارٹی کے چیئرمین وزیراعلیٰ اور وائس چیئرمین صوبائی وزیر صنعت ہوں گے۔اتھارٹی تحصیل کی سطح تک انصاف سہولت بازاروں کا دائرہ کار بڑھائے گی۔کابینہ نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہورکے وائس چانسلر کی تعیناتی کے لئے سرچ کمیٹی اوراہلیت کا معیارطے کرنے کامعاملہ محکمہ قانون کے سپرد کر دیا۔کابینہ نے پنجاب ریگولرائزیشن آف سروس ایکٹ2018میں ترمیم کی منظوری دی جس کے تحت

بعض محکموں کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کیلئے قواعد وضوابط میں ترمیم کا فیصلہ کیا گیا۔کابینہ نے عدالتی احکامات کی روشنی میں آوارہ کتوں کیلئے برتھ کنٹرول پالیسی، پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی ایکٹ 2020 اور پنجاب ڈرگز رولز2007میں ترامیم کی منظوری دی۔ کابینہ کے اجلاس میں رواں مالی سال-22 2021کے دوران کماڈیٹی آپریشن کو فنانشل کور فراہم کرنے کیلئے ٹیکنیکل ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی جبکہ رواں مالی سال 2021-22کے دوران امپورٹڈشوگر پر مارک اپ اور سبسڈی کی ادائیگی کیلئے ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹیکنیکل

اورووکیشنل اداروں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر یکجا کیا جائے گا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ کنزیومرپروٹیکشن کونسل کی تشکیل نو اور پنجاب پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔اتھارٹی پرائیویٹ سکولوں کوریگولیٹ کرے گی اور پرائیویٹ سکولوں کے طلبہ،والدین،اساتذہ شکایات کے ازالے کیلئے رجوع کرسکیں گے۔اجلاس میں پنجاب ایگزامینیشن بزنس رولز 2021، سکینڈری ایجوکیشن میں وسیلہ تعلیم پروگرام کا دائرہ کار وسیع کرنے اور رواں مالی سال2021-22کیلئے صوبے میں کفایت شعاری کے اقدامات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی سفارشات

کی روشنی میں مختلف پوسٹوں کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دی گئی اور تمام محکموں کے ٹیلی فون آپریٹرز کی آسامیوں کواپ گریڈ کرنے کی منظوری دی گئی۔محکمہ جیل خانہ جات اوردیگر محکموں کی جا نب سے اپ گریڈیشن کی سفارشات کو منظور کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دیگر محکموں کی جانب سے اپ گریڈیشن کی سفارشات کو جلد کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایس ایچ اوز کو ڈرائنگ اینڈ ڈسپرسنگ آفیسر کے مالی اختیارات دینے کی منظوری دی گئی۔پولیس میں اکاؤنٹنٹس(سینئر کلرک بی ایس14)کی 720آسامیوں کی منظوری دی گئی۔ان کلاسیفائڈ فاریسٹ کو پروٹیکڈفاریسٹ

قرار دینے کا فیصلہ کیاگیا اور نمل جھیل کو تحفظ کیلئے وٹ لینڈ (Wetland) قرار دینے کی منظوری دی گئی۔پنجاب وائلڈ لائف پروٹیکشن،پریزویشن،کنزویشن اینڈ مینجمنٹ ترمیمی ایکٹ 2007کے تحت نایاب نسل کے پرندوں کو فرسٹ شیڈول سے تھرڈ شیڈول اورفورتھ شیڈول سے تھرڈ شیڈول میں منتقل کرنے کی منظوری دی گئی۔ جوڈیشنل کمپلیکس مری کی توسیع کیلئے اراضی منتقل کرنے کامعاملہ وزارتی کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔اجلاس میں ٹلہ ریزروفاریسٹ کو ٹلہ جوگیاں کو نیشنل پارک قراردینے اورسالٹ رینج نیچر ریزرو کمپلیکس کے قیام کی منظوری دی گئی۔کوٹ ادوو کے موضع گجرات میں ماڈل پولیس

سٹیشن،اراضی سینٹراور ریسکیو 1122سٹیشن کے قیام کیلئے 4کنال اراضی کی منتقلی کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں ضابطہ فوجداری سیکشن 196کے تحت ڈپٹی کمشنر کو اختیارات تفویض کرنے کی منظوری دی گئی۔پی ایس ڈی پی اوراے ڈی پی کے تحت نیشنل پروگرام برائے امپروومنٹ آف واٹر کورسز ان پاکستان (پنجاب کمپوننٹ)فیز ٹوکیلئے سٹاف کی تعیناتی کی اصولی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب میں ٹڈی دل کے خلاف آپریشن کیلئے خرید کردہ پیسٹی سائیڈ کو فوری نیلام کرنے کی اجازت دی گئی۔پنجاب لگژری ہاؤس ٹیکس رولز 2014میں ترمیم اور محکمہ ہائر ایجوکیشن کی ایکریڈیشن کمیٹی کے

قیام کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب فنانس ایکٹ 2021کی ذیلی شق 3میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔پنجاب میں الیکٹرک گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس پر 95فیصد استثنیٰ دینے کی منظوری دی گئی۔پنجاب سمال انڈسٹریزکارپوریشن ایکٹ1973 ذیلی شق 31کے تحت گارنٹی اور قرضہ جات کی مقررہ حد کوبڑھانے کی اصولی منظوری دی گئی۔محکمہ خزانہ کو گاڑنٹی اورقرضہ جات کی حد بڑھانے کی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی۔متحدہ علماء بورڈکو ریگولیٹ کرنے کے لئے بل پیش کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکس بک بورڈ لاہورکی سالانہ رپورٹ برائے مالی سال 2019-

20کی منظوری دی گئی۔آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی آڈٹ رپورٹس برائے سال 2017-18،2018-19 اور 2019-20کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب حکومت کی مالیاتی رپورٹ برائے سال 2018-19کی منظوری دی گئی۔پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے آٹو میشن فیئر کولیکشن اوربس شیڈول سسٹم کے بارے میں انفارمیشن سسٹم آڈٹ رپورٹ برائے سال2019-20کی منظوری دی گئی۔پنجاب حکومت کی جانب سے مالی سال 2019-20میں کورونا کے حوالے سے ہونے والے اخراجات کی خصوصی آڈٹ رپورٹ کی منظوری دی گئی۔پنجاب کمیشن آن دی سٹیٹس آف وویمن کی سالانہ رپورٹس برائے سال 2019 اور

2020کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب بیت المال کونسل کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2019کی منظوری دی گئی۔پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کی سالانہ آڈٹ اینڈ پرفارمنس رپورٹ برائے سال2016-17 اور 2017-18 کی منظوری دی گئی۔پنجاب حکومت کے اکاؤنٹس کی اپروپیشن برائے مالی سال 2017-18کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب کابینہ کے 49ویں اور50ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔اجلاس میں کابینہ سٹیڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 64ویں،65ویں، 66ویں، 67ویں اور 68ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔اجلاس میں کابینہ سٹیڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور کے 75ویں،76ویں،77ویں،78ویں اور79ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button