خواتین بھی مردوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بناتی ہیں، رہنما جماعت اسلامی عبدالاکبر چترالی
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) خواتین بھی مردوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بناتی ہیں، جماعت اسلامی کے رکن پارلیمنٹ کی جانب سے جنسی زیادتی ملزمان کو نامرد بنانے کی سزا کی مخالفت۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی عبدالاکبر چترالی کی جانب سے جنسی زیادتی کے ملزمان کو نامرد بنانے کی سزا کی مخالفت کرنے کیلئے عجیب و غریب دلیل پیش کی گئی ہے۔رکن اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی نے قومی اسمبلی اجلاس میں سانحہ موٹر وے پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے عورتوں پر مردوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کر دیا۔انہوں نے کہا کہ جنسی زیادتی میں ملوث افراد کو نامرد
بنانا مسئلے کا حل نہیں اگر کوئی عورت مرد کے ساتھ زیادتی کرے تو اس کا کیا کریں گیے۔شادی شدہ مرد اور عورت زنا کرتے پائے گئے تو کیا کریں گے؟ جماعت اسلامی کے رہنما کا کہنا ہے کہ شریعت کے مطابق قانون سازی کریں اور عمل درآمد کریں، ایسے مجرموں کو سرعام پھانسی دیں یا سنگسار کریں۔ انہوں نے کہا کہ جنرل ضیاء الحق کے دور میں ایسے مجرم کو پھانسی دی گئی دس سال تک جرم نہیں ہوا۔ ہر ضلع میں شرعی عدالت بنائیں ججز اور علماء کو پابند بنائیں کہ وہ شریعت کے مطابق فیصلے کریں۔جماعت اسلامی کے رکن پارلیمنٹ اپنے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں ہیں۔ عوام کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایک ایسا وقت جب عوام متفق ہے کہ جنسی زیادتی کے ملزمان کو سخت سے سخت سزائیں دی جائیں، تب جماعت اسلامی کے رہنما الٹا خواتین پر ہی مردوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کر رہے ہیں۔