وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر سے ملاقات،کن امور پر گفتگو ہوئی، بڑی خبر آگئی

بیجنگ (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ کے مابین ملاقات ہوئی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور او رخطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ روز چین کے صدر شی جن پنگ کے ظہرانے میں شرکت کی تھی۔ اس موقع پر انہوں نے چینی ہم منصب سے ملاقات کے علاوہ چائنا انرجی اینڈ انجینئرنگ کارپوریشن اور پاور چائنا کے چیئرمین سے آن لائن ملاقات بھی کی تھی۔ان ملاقاتوں میں پاکستان کے توانائی کے شعبے کی بہتری اور سرمایہ کاری پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،

وزیر خزانہ شوکت ترین، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور مشیر تجارت بھی موجود تھے۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے چینی وزیراعظم سے بھی ملاقات کی تھی جس کے دوران پاکستان میں چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کے لیے حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔وزیراعظم عمران خان کی چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جبکہ اقتصادی، تجارتی تعلقات، سی پیک، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اعلامیے کے مطابق دونوں فریقین نے پاک چین اسٹریٹجک تعاون، بنیادی دلچسپی کے امور پر حمایت کا اعادہ کیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے بیجنگ سرمائی اولمپکس کے انعقاد پر چینی ہم منصب کو مبارک باد بھی پیش کی۔وزیر اعظم نے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال، کشمیری عوام کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے عالمی برادری کی طرف سے فوری اقدام کی اہمیت کو اجاگر کیا، وزیراعظم نے افغانستان میں امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے لیے پاکستان اور چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button