بابراعظم کی ترقی کی کوئی حد نہیں ہے، رکی پونٹنگ

لاہور (نیوز ڈیسک ) آسٹریلیا کے سابق کپتان اور سٹائلش بیٹر رکی پونٹنگ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے حوالے سے اہم پیش گوئی کی ہے۔ کرک ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق 47 سالہ رکی پونٹنگ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ بابراعظم کے لیے ترقی کی کوئی حد نہیں ہے، وہ جہاں قدم رکھتے ہیں دنیا اُن کی ہوجاتی ہے، اگر بابر پچھلے دو برسوں میں ٹیسٹ کرکٹ زیادہ کھیلتے تو یقیناً ابھی نمبر ون ہوتے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ صرف وقت کی بات ہے، میں پہلے بھی سمجھتا تھا کہ بابر یا تو ٹیسٹ کا نمبر ون بیٹر بنے گا یا پھر یقینی طور پر اس نمبر کو چیلنج کرے گا۔

رکی پونٹنگ نے بابر اعظم کو آسٹریلیا سیریز کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں نے جب 2019ء میں بابر اعظم کو برسبین کی باؤنسی پچ پر ہیزل ووڈ، سٹارک اور کمنز کے خلاف شاٹس کھیلتے دیکھا تھا تو اس نوجوان کرکٹر نے مجھے اپنے سحر میں جکڑ لیا تھا۔خیال رہے کہ بابر اعظم اس وقت ٹی ٹونٹی اور ون ڈے میں نمبر ون پر ہیں جبکہ ٹیسٹ رینکنگ میں ان کا نمبر 9واں ہے اور ان کے ریٹنگ پوائنٹس کی تعداد 750 ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز کرکٹ آسٹریلیا نے بورڈ میٹنگ کے بعد دورہ پاکستان کی باضابطہ تصدیق کی تھی، آسٹریلین ٹیم 1998ء کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔ جمعے کو پی سی بی نے دورے کے نئے شیڈول کا اعلان کیا ، دورہ اب کراچی کے بجائے پنڈی سے شروع ہوگا اور پنڈی ہی میں ختم ہوگا۔آسٹریلوی ٹیم 4سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی، دوسرا ٹیسٹ 12 سے 16 مارچ تک کراچی اور تیسرا 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔ چاروں وائٹ بال میچز لاہور کی بجائے راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ کینگروز 5 اپریل کو راولپنڈی میں آخری ٹی ٹونٹی کھیل کر وطن لوٹ جائینگے۔ مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button