پاکستانی آلو سے روس میں واڈکا شراب بنتی ہے، عبدالرزاق دائود
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مشیر تجارت رزاق دائود نے کہاہے کہ پاکستانی آلو سے روس میں واڈکا شراب بنتی ہے ،روسی پاکستانی آلو سے بنی واڈکا بہت پسند کرتے ہیں پاکستان کے پاس آلو کی برآمدات بڑھانے کا موقع ہے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی تجارت کو بریفنگ دیتے ہوئے مشیر تجارت نے بتایا کہ دوہفتے پہلے آلو کی برآمد پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کی ،وزارت تجارت نے آلو کی برآمد روکنے کی مخالفت کی ۔انھوں نے بتایاکہ روسی پاکستانی آلو سے بنی شراب کو بہت پسند کرتے ہیں ،پاکستان کے پاس روس کی بڑی منڈی میں برآمدات بڑھانے کا موقع ہے ،آلو کی برآمدات
روکیں تو روس کی بڑی منڈی ہاتھ سے نکل جائیگی ۔مشیر تجارت نے کہاکہ پاکستان میں برآمدات بڑھانے کے خلاف اقدامات کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے ۔رزاق داود نے بتایاکہ کاروباری افراد کو صرف کسٹمز ڈیوٹی ادا کی جاتی ہے ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیوٹی ڈرابیکس ادانہیں کئے جاتے یہ ایف بی آر کھا جاتی ہے ۔مشیر تجارت نے کہاکہ کئی سال سے بند ٹیکسٹائل یونٹس کی بحالی کے طریقہ کار بنا رہے ہیں اس سلسلے میں جمعے کو گورنرسٹیٹ بنک سے ملاقات کروں گا ملک کے اندر تیار نہ ہونے والی مصنوعات پر ڈیوٹیز میں کمی کے لیے ای سی سی سے منظوری لیں گے۔