کورونا وائرس پھر سے پھیلنے لگا، ایک ہی دن میں 5 اراکین اسمبلی میں وائرس کی تصدیق
کویت(نیوز ڈیسک)کویت میں تمام تر احتیاطی تدابیر کے باوجود کورونا وائرس بے قابو ہو گیا ہے ، اب اس کی پکڑ میں پارلیمنٹ کے ممبران بھی آ گئے ہیں۔ کویت میں گزشتہ روز اس وقت کھلبلی مچ گئی جب کویتی اسمبلی کے اسپیکر نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ 5 ارکانِ اسمبلی کورونا کا شکار ہو گئے۔ اس ٹویٹ سے یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہے کہ مزید ارکان اسمبلی بھی کورونا سے متاثر ہو سکتے ہیں،تاہم اگلے چند روز میں ہی صورتِ حال واضح ہو گی۔العربیہ نیوز کے مطابق کویتی پارلیمان کے اسپیکر مرزوق الغانم نے سوموار کے روز ایک ٹویٹ میں ان ارکان کے کرونا وائرس کاشکار ہونے کی اطلاع دی ہے اور کہا ہے
کہ اس کے پیش نظر منگل کے روز ہونے والا ایوان کا اجلاس حفاظتی احتیاطی تدابیر کے تحت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔انھوں نے بتایا ہے کہ ابھی تمام ارکان کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ نہیں کیے گئے ہیں اور آیندہ ہفتے کے روز ان کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔اسپیکر کا کہنا ہے کہ ”پارلیمان کا گذشتہ سیشن مسلسل تین روز جاری رہا تھا۔اس میں یہ واضح ہو گیا تھا کہ ایک طرح سے کرونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے۔“کویت کے محکمہ صحت کے حکام نے اب آیندہ ہفتے کے روز تک انتظار کا فیصلہ کیا ہے اور وہ یہ دیکھیں گے کہ آیا پارلیمان کے عملہ یا کوئی اور منتخب رکن تو وائرس کا شکار نہیں ہوا ہے۔تاہم بعض ارکان نے یہ تجویز پیش کی تھی کہ ”صحت مند“ ارکان کی موجودگی میں اجلاس منعقد کیا جانا چاہیے اور اس کو ملتوی نہ کیا جائے لیکن اسپیکر نے اس تجویز کو ماننے سے انکار کردیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ سوموار کے روز جن ارکان کے ٹیسٹ کا نتیجہ منفی رہا ہے اور وہ صحت مند بھی ہیں تو یہ اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ وہ کووِڈ-19 سے محفوظ ہیں کیونکہ اس کی علامتیں کچھ عرصہ کے بعد ظاہر ہوتی ہیں۔