لاہور میں ایک اور دلخراش واقعہ، راوئیونڈ میں ڈکیتی کے دوران خاتون کی اجتماعی عصمت دری
لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور میں زیادتی کا ایک اور دلخراش واقعہ، رائیونڈ کے علاقے میں گھر میں ڈکیتی کی واردات کے دوران خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں زیادتی کا ایک اور دلخراش واقعہ پیش آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہورکے علاقے رائیونڈ میں خاتون کو اس کے گھر میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔4 ملزمان نے رائیونڈ کے علاقے میں واقع گھر میں ڈکیتی کی واردات کی اور اس دوران گھر میں موجود اکیلی خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ واقعے کے بعد خاتون کے شوہر کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کر لی گئی۔
پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ واقعے میں ملوث 4 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا۔ملزمان کے ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ کے بعد کیس کو آگے بڑھایا جائے گا۔واضح رہے کہ پنجاب میں خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے واقعات میں خوفناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 2020ء کے پہلے 6 ماہ کے دوران اجتماعی زیادتی کے 77 واقعات رپورٹ ہوئے ، 60 فیصد ملزمان کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا ۔ گوجرانوالہ ریجن اجتماعی زیادتی کے واقعات میں 30 واقعات کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا جبکہ فیصل آباد ریجن میں اجتماعی زیادتی کے 12 واقعات سامنے آئے ۔ملتان ریجن میں اجتماعی زیادتی کے 9 مقدمات درج ہوئے ، لاہور میں اجتماعی زیادتی کے 7 واقعات سامنے آئے ، اس کے علاوہ ڈیرہ غازی خان ریجن میں اجتماعی زیادتی کے 6 ، شیخو پورہ اور راولپنڈی میں 5 ، 5 واقعات رپورٹ ہوئے ، بہاولپور اور ساہیوال ریجن میں ایک ایک اور سرگودھا میں اجتماعتی زیادتی کے 2 واقعات ہوئے ۔