موٹروے واقعہ، دونوں ملزمان کی تصاویر اور ان سے متعلق تفصیلات جاری کردی گئیں
لاہور(نیوز ڈیسک)سانحہ گجر پورہ کے ملزمان کی تصاویر جاری کر دی گئیں، ایک ملزم کا نام عابد علی تعلق فورٹ عباس سے ہے، دوسرے ملزم کا نام وقار الحسن تعلق شیخوپورہ سے ہے، ملزمان کی اطلاع دینے والوں کو 25 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کی جانب سے کی گئی پریس کانفرنس میں بتایا گیا ہے کہ سانحہ گجر پورہ میں ملوث دونوں ملزمان کی شناخت ہو چکی، انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ ایک ملزم کا نام عابد علی اور دوسرے ملزم کا نام وقار الحسن ہے۔ ملزم عابد علی کا تعلق فورٹ عباس جبکہ دوسرے ملزم وقار الحسن کا تعلق شیخوپورہ سے ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ میں نے اور میری ٹیم نے سائنٹیفک طریقے سے کیس کی تحقیقات کیں۔72 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں اس دلخراش واقعے کے اصل ملزمان تک پہنچے ہیں۔ میں یقین دلاتا ہوں جن درندوں نے یہ ظلم کیا ہے وہ بہت جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ میں پنجاب پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ ایسے واقعے کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ میں نے کچھ دیر قبل متاثرہ خاتون سے بھی رابطہ کیا اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ خاتون کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی ہے۔ جب سے یہ واقعہ ہوا ہے ہمارے پولیس افسران مسلسل خاتون کے ساتھ رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ جن ملزمان کی شناخت ہوئی ہے ان ملزمان کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کو 25، 25لاکھ انعام دینے کا بھی اعلان کرتا ہوں۔ ایسے شخص کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی نے بتایا کہ ہم ملزمان کے پیچھے ہیں جلد گرفتار کرلیں گے۔ واضح رہے موٹروے زیادتی کیس کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو پیش کردی گئی ۔وزیراعلیٰ کو جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ موٹروے زیادتی کیس میں ایک ملزم کی شناخت ہوئی ، ملزم عابدعلی فورٹ عباس کا رہائشی ہے، ملزم کی شناخت ڈی این اے میچ ہونے کی بنا پر ممکن ہوئی، خاتون کے لباس سے ڈی این اے میچ ہونے والے ملزم کا پہلے بھی کریمنل رکارڈ ہے جہاں ملزم کا ڈی این اے 2013ء کے ڈیٹا بیس سے میچ ہوا ، لیکن ملزم عابد علی کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا اس مقصد کیلئے سی ٹی ڈی کی طرف سے کارروائی کی جارہی ہے ۔ تاہم موٹروے زیادتی کیس میں دوسرے ملزم کی شناخت بھی ہوگئی جہاں شناخت کیے گئے دوسرے ملزم کا نام وقارالحسن شاہ بتایا گیا ہے۔