موٹروے پر سفر کرنیوالوں کیلئے نئی ہیلپ لائن قائم کردی گئی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور سیالکوٹ موٹروے پرسفرکرنے والوں کیلئے الگ ہیلپ لائن قائم کردی گئی ۔ اس حوالے سے تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے پر سفر کرنیوالے ہیلپ لائن 1124 پررابطہ کرسکتے ہیں ، مسافر حادثے یا ایمرجنسی کی صورت میں نئی ہیلپ لائن پررابطہ کرسکیں گے ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب پولیس نے لاہور سیالکوٹ موٹروے کا کنٹرول سنبھال لیا تھا ۔آئی جی پنجاب انعام غنی کی طرف سے مشترکہ ٹیموں کو لاہور سیالکوٹ موٹروے پر گشت کرنے کا کا حکم دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں 250 پولیس اہلکارلاہور سیالکوٹ موٹر وے پر پٹرولنگ اورسیکیورٹی کے
فرائض سرانجام دیں گے ۔ واضح رہے کہ موٹر وے پر آئے روز ڈکیتی اور دوسرے جرائم کی وارداتیں پیش آنے کی اطلاعات کی بنا پر یہ فیصلہ کیا گیا ۔جہاں جمعرات اور جمعے کی درمیان رات بھی لاہور اسلام آباد موٹروے پر ڈاکوؤں نے ناکہ لگا کر کئی مسافروں کو لوٹ لیا تھا ، مسافروں نے موٹر وے پولیس کو اطلاع دی جس پر کوئی رد عمل نہ آیا ۔دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے موٹروے زیادتی کیس میں ملزم کے ڈی این اے میچ ہونے کی تصدیق کر دی۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کا ڈی این اے متاثرہ خاتون سے میچ کر گیا ہے۔شہباز گل نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، آئی پنجاب،سی سی پی او لاہور اور ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے مزید کہا کہ انشاللہ جلد گرفتاری بھی ہوگی۔عوام کو پتہ ہو کہ رات 4 بجے تک عثمان بزدار میٹنگ میں تھے آئی جی اورسی سی پی او کے ساتھ۔وزیراعلیٰ نے پورے کیس کی خود مانیٹرنگ کی ہے۔