مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے ایک اور بُری خبر، بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)مہنگائی کی ستائی ہوئی عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کے تحت بجلی مزید مہنگی کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 52 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا۔ نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کیا جس میں کہا گیا کہ بجلی ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے۔بجلی کی قیمت میں اضافہ نومبر کے بلوں میں وصول کیا جائے گا ۔ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔

یاد رہے کہ 5 نومبر کو فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 1 روپے 68 پیسے اضافے کی منظوری دی گئی تھی جس کے بعد بجلی کی فی یونٹ اوسط قیمت 15 روپے 36 پیسے ہوئی، مجبکہ اہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی مہنگی نہیں کی گئی تھی۔جبکہ کمرشل و صنعتی صارفین کے لیے 1 روپے 39 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد بجلی کی فی یونٹ اوسط قیمت 15 روپے 36 پیسے ہو گئی تھی۔ واضح رہے کہ حکومت نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافہ کرنے کے علاوہ موسم سرما میں اضافی بجلی کے استعمال پر خصوصی ٹیرف بھی متعارف کروا رکھا ہے جس کے تحت یکم نومبر سے 28 فروری تک گذشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر مشیر خزانہ شوکت ترین نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ آئی ایم ایف سے مارچ میں 500 ملین ڈالر کی قسط پاور ٹیرف میں 4.95 روپے بڑھانے کے وعدے پر موصول ہوئی تھی لیکن تاحال حکومت نے بجلی پر صرف ایک روپیہ 39 پیسے اضافہ کیا۔ تاہم اب بجلی کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر سے اضافہ کر کے عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button