بابراعظم نے ویرات کوہلی کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا

لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ٹی ٹونٹی میچز میں سال میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانیوالے کھلاڑی بن گئے، بابراعظم نے 2021ء میں 19 نصف سنچریاں سکور کیں، جو کرکٹ کلینڈر کے سال میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا ریکارڈ ہے۔ قومی ٹیم کے قائد بابراعظم نے یہ اعزاز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ 2021ء کے میچ میں سکاٹ لینڈ کیخلاف بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے نام کیا ہے، انہوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔بابراعظم کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا نمبر ہے جنہوں نے 2016ء میں 18 نصف سنچریاں بنائی تھیں۔

ویسٹ انڈیز کے کرس گیل تیسرے نمبر پر آتے ہیں جنہوں نے 2012ء میں 16 نصف سنچریاں بنائی تھیں۔ چوتھے نمبر پر محمد رضوان کا نمبر آتا ہے جو رواں سال 15 نصف سنچریاں سکور کرچکے ہیں۔بابراعظم سکاٹ لینڈ کیخلاف نصف سنچری کیساتھ ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانیوالے کپتان بن گئے۔انہوں نے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانیوالے پاکستانی بیٹر ہونیکا بھی اعزاز حاصل کرلیا۔ شارجہ میں سکاٹ لینڈ کیخلاف بابراعظم نے 66 رنز کی اننگز کھیلی جس کے ساتھ موجودہ ورلڈ کپ میں انکے مجموعی رنز کی تعداد 264 ہوگئی اور وہ ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانیوالے کپتان بن گئے۔اس سے قبل یہ اعزاز سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے کے پاس تھا جنہوں نے 2012ء کے ایڈیشن میں بطور کپتان ٹورنامنٹ میں 201 رنز سکور کئے تھے۔بابراعظم ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانیوالے پاکستانی بیٹر بھی بن گئے ہیں، ان سے قبل پاکستان کے سلمان بٹ نے 2010ء میں 223 رنز بنائے تھے۔ ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز کا اعزاز بھارت کے ویرات کوہلی کے پاس ہے ، انہوں نے 2014 ءمیں 319 رنز بنائے تھے۔ سکاٹ لینڈ کیخلاف 66 رنز کی اننگز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بابر اعظم کی چوتھی نصف سنچری تھی جو نہ صرف ایک ایڈیشن بلکہ مجموعی طور پر ورلڈ کپ مقابلوں میں بھی کسی پاکستانی کی سب سے زیادہ نصف سنچریاں ہیں۔2007 ءسے 2014ء تک ورلڈ کپس کھیلنے والے کامرا ن اکمل اور2007ء سے

2021ء تک مختلف ورلڈ کپس کھیلنے والے شعیب ملک نے 3، 3 نصف سنچریاں سکور کی ہیں۔ پاکستان کے اوپننگ بیٹر اپنی اننگز کےساتھ موجودہ ورلڈ کپ کے لیڈنگ سکورر بھی بن گئے ہیں،انگلینڈ کے جوز بٹلر 240 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ واضح رہے کہ محمد رضوان ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی رنز بنانیوالے پلیئر بھی بن گئے ہیں۔ ان سے قبل کرس گیل نے 2015ء میں مجموعی طور پر 1665 ٹی ٹونٹی رنز بنائے تھے۔ 2019ء میں بابر اعظم نے ٹی ٹونٹی میچز میں اپنی شاندار بیٹنگ کی بدولت 15 نصف سنچریاں سکور کی تھیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button