مسجد الحرام میں بنا سماجی فاصلے کے نماز ادائیگی کا روح پرور منظر، تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی

مکہ مکرمہ (نیوز ڈیسک) کعبہ کی رونقیں لوٹ آئیں، مسجد الحرام میں بنا سماجی فاصلے کے نماز ادائیگی کا روح پرور منظر، تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سخت پابندیوں اور جارحانہ ویکسی نیشن مہم کی بدولت مہلک عالمی وبا کورونا وائرس کو شکست دینے کے انتہائی قریب پہنچ چکا۔ مہلک وبا کے خلاف جنگ میں اس شاندار کامیابی کے باعث ہی سعودی حکومت کئی کورونا پابندیوں کے خاتمے کا اعلان کر چکی۔اس فیصلے کے تحت مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں بھی سماجی فاصلے کی شرط ختم کردی گئی ، خانہ کعبہ اور مقام ابراہیم علیہ السلام کے گرد لگائے گئے بیریئر بھی ہٹا دیے گئے ۔

پابندی ہٹانے کا فیصلہ الحرمین الشریفین انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا ، جس کے بعد سماجی فاصلے کے لیےلگائی گئی علامتیں بھی ہٹا دی گئی ہیں اور گزشتہ روز سے مسجدالحرام اور مسجد نبویﷺ میں سماجی فاصلے کے بغیر نماز ادائیگی کا سلسلہ شروع ہو چکا۔اس ضمن میں الحرمین الشریفین انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ کورونا وباء سے قبل کی صفوں کی اصل حالت کو بحال کیا جا رہا ہے ، مسجدالحرام کے صحن مطاف میں بھی سماجی فاصلے کے لیے لگائی گئی علامتیں ہٹا دی گئی ہیں جس کے بعد اب مکمل افرادی گنجائش کے ساتھ نمازیں ادا کی جاسکیں گی ، طواف یا سعی کرنے والوں کے لیے سماجی فاصلے کا اصول ختم کر دیا گیا ہے تاہم ماسک کی پابندی برقرار ہے۔ان پابندیوں کے خاتمے کے بعد مسجد الحرام میں نمازیوں کا سمندر امڈ آیا اور ہزاروں افراد نے بنا کسی سماجی فاصلے کے نماز ادا کی، جس کی تصویر سوشل میڈیا پر جاری ہونے کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔ دوسری طرف سعودی عرب نے مسجد الحرام میں تیسری سعودی توسیع شدہ حصہ میں نماز کی جگہ مکمل طور پر بحال کر دی ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button