ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر وزیراعظم عمران خان کا اہم پیغام سامنے آگیا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری قوم ان سے بہت پیار کرتی ہے کیوں کہ انہوں نے ہمیں ایٹمی ہتھیاروں کی ریاست بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اے کیو خان کے انتقال پر بہت دکھ ہوا ، انہوں نے ہمیں ایک جارحیت والے بڑے ایٹمی پڑوسی کے خلاف تحفظ فراہم کیا ہے ، پاکستانی عوام کے لیے وہ ایک قومی ہیرو ہیں ، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ان کی وصیت کے

مطابق فیصل مسجد کے احاطے میں سپرد خاک کیا جائے گا۔صدر پاکستان عارف علوی نے بھی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا ، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ذاتی طور پر 1982 سے جانتا تھا ، ڈاکٹرعبدالقدیر خان نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ، قوم ان کی خدمات کو کبھی نہیں بھولے گی۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و سربراہ این اسی او سی اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان کو نا قابل تسخیر بنانے میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کلیدی کردار ادا کیا ، اللہ تعالیٰ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔پاکستان کی مسلح افواج نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیفس نے پاکستان کے معروف سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ڈاکٹر عبدالقدیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرعبدالقدیر خان نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے میں گراں قدر خدمات سر انجام دیں، اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند کرے۔سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے دفاع پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا، ملکی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے میں قوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ اللہ ان کے درجات بلند کرے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر اظہار تعزیت کی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button