سعودی عرب میں بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کی خبریں ، سعودی حکام نے وضاحت جاری کردی
ریاض(نیوز ڈیسک) بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے حوالے سے سعودی حکام کا اہم بیان، اکتوبر سے مملکت میں بین الاقوامی پروازوں کی مکمل بحالی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد قرار۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک سرکلر گردش کر رہا ہے جس کے مطابق سعودی عرب میں بین الاقوامی پروازوں کی بحال کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، مملکت میں اکتوبر کے ماہ سے بین الاقوامی فضائی آپریشن شروع ہو جائے گا۔اس حوالے سے سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے۔ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے
والی خبریں بے بنیاد ہیں۔ مملکت میں بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس خدشات تاحال کم نہیں ہوئے ہیں۔ جب تک کرونا وائرس کا خطرہ کم نہیں ہوتا، تب تک مملکت میں بین الاقوامی کمرشل پروازوں کے آغاز کی اجازت نہیں دے سکتے۔اس حوالے سے دوبارہ وضاحت کرتے ہیں کہ تاحال سعودی حکومت نے بین الاقوامی فضائی آپریشن کی بحالی کیلئے کوئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حالات کے مطابق ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سعودی حکومت نے کرونا وائرس پھیلاو کے بعد مارچ کے ماہ میں کرونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے فضائی آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا تھا۔ 15 مارچ کو سعودی حکومت نے ہنگامی طور پر فضائی آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا تھا۔ بعد ازاں مملکت میں کرونا وائرس کیسز میں کچھ کمی آنے کے بعد 31 مئی کو اندرون ملک پروازوں کی اجازت دے دی گئی تھی، تاہم کمرشل بین الاقوامی پروازیں تاحال بند ہیں۔ سعودی عرب سے اس وقت صرف خصوصی بین الاقوامی پروازیں آپریٹ کی جا رہی ہیں۔