نواز شریف کے نام کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز کا میسج ، وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ صحت سے رپورٹ طلب کر لی

لاہور (نیوز ڈیسک)سابق وزیراعظم نواز شریف کے نام دوسری ڈوز کا میسج آنے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے شناختی کارڈ پر کورونا ویکسین کی جعلی انٹری سامنے آئی۔ نواز شریف کے نام پر دوسری ڈوز کا میسج بھی جاری ہوا جس پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حکم دیا کہ معاملے کی رپورٹ آئندہ 48 گھنٹے میں جمع کروائی جائے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی ویکسی نیشن کا جعلی اندراج کردیا گیا۔

اس حوالے سے محکمہ صحت ذرائع کے مطابق نواز شریف کے شناختی کارڈ پر ویکسین کا جعلی اندراج ہوا۔سابق وزیراعظم کے شناختی کارڈ پر جعلی اندراج نادرا کے پورٹل پر اپ لوڈ بھی ہوگیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے شناختی کارڈ پر گذشتہ روز ویکسی نیشن کا اندراج کیا گیا، اندراج میں نوازشریف کو سائنوویک کی پہلی خوراک لگائی گئی ہے۔ جعلی انٹری کے مطابق نوازشریف کو سائنو ویک کی پہلی خوراک 22 ستمبر کی شام 4 بج کر 4 منٹ پر لگائی گئی۔ ذرائع کوٹ خواجہ سعید اسپتال کے مطابق سابق وزیراعظم کی ویکسین کی انٹری نوید الطاف نامی ویکیسنیٹر نے کی۔دستاویزات کے مطابق نواز شریف کو سائنو ویک کی دوسری ڈوز کے لئے 20 اکتوبر کو بھی بلایا گیا ہے۔ ترجمان محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کے شناختی کارڈ کا اندراج لاہور کے کوٹ خواجہ سعید ویکسی نیشن سینٹر میں ہوا، نوازشریف کی ویکسی نیشن معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی جعلی ڈیٹا انٹریز پر کئی افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button