رمیز راجہ نے دورہ پاکستان سے انکار کرنیوالی ٹیموں کیخلاف طبل جنگ بجادیا

لاہور (نیوز ڈیسک)چیئرمین پی سی بی نے پاکستان کے دورے سے انکار کرنے والی ٹیموں کیخلاف طبل جنگ بجا دیا۔ تفصیلات کے مطابق چئیرمین پی سی بی رمیز راجہ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے، جس میں پاکستان کے دورے سے انکار کرنے والے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈز کو بھرپور تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے فیصلے سے مایوسی تو ہوئی پر اس فیصلے کی توقع پہلے سے ہی تھی، کیونکہ انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا ایک ہی بلاک کا حصہ ہیں، اب آسٹریلیا بھی پاکستان نہ آنے کا بہانہ ڈھونڈ رہا ہے۔یہ لوگ ہمارے تھے لیکن انہوں نے ہمارے

ساتھ اپنوں والا سلوک نہیں کیا، ان کیلئے ہم کسی بھی لیول تکے چلے جاتے ہیں، سخت قرنطینہ میں ہمارے کھلاڑی ان کی ڈانٹ بھی برداشت کر جاتے ہیں، اس سب میں ہمارے لیے سبق ہے کہ اب ہم وہیں تک جائیں گے جہاں تک ہمارا مفاد ہے، اور ہمارا مفاد یہ ہے کہ پاکستان میں کرکٹ رکنی نہیں ہے۔ہمیں اپنی کرکٹ کی معیشت بہتر کرنی ہو گی، ہم یہ کریں گے تو تب ہی یہ لوگ پاکستان آ کر کرکٹ کھیلنے سے انکار نہیں کریں گے۔ چئیرمین پی سی بی نے پاکستان کے دورے سے انکار کرنے والی ٹیموں کیخلاف طبل جنگ بجاتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈکپ میں پہلے صرف بھارت ہمارے نشانے پر تھا، اب نیوزی لینڈ، انگلینڈ بھی نشانے پر آ گئے ہیں، تینوں ٹیموں کیخلاف ورلڈکپ میں محاذ جنگ پر اتریں گے۔اس سے قبل رمیز راجہ کی جانب سے انگلینڈ کے فیصلے پر ٹوئٹ بھی کیا گیا تھا۔چئیرمین پی سی بی نے کہا کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا فیصلہ مایوس کن ہے، ضرورت کے وقت ساتھ نہ دینے پر افسردہ ہیں، بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلئے پاکستان کو اس وقت ساتھ کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔ چئیرمین پی سی بی کا مزید کہنا ہے کہ انشاءاللہ یہ وقت بھی گزر جائے گا، اب ہمیں دنیا کی بہترین کرکٹ ٹیم بن کر دکھانا ہو گا، ایک ایسی ٹیم جس کے ہوم گراونڈ پر کرکٹ کھیلنے سے کوئی ملک انکار نہ کر سکے۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی سیریز کے حوالے سے یکطرفہ فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ نے سیکورٹی خدشات کا

بہانہ بنا کر اکتوبر میں اپنی مینز اور ویمن کرکٹ ٹیمیں پاکستان بھیجنے سے معذرت کر لی ہے، انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے ٹوئٹر اکاونٹ سے بھی اس فیصلے کی تصدیق کی گئی۔انگلش کرکٹ بورڈ حکام کے مطابق سیکورٹی خدشات سے متعلق اطلاعات ملنے کے بعد اپنی ٹیمیں اگلے ماہ پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے جاری بیان میں انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے موقف اختیار کیا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث کھلاڑیوں کو پاکستان کا سفر کرنے پر تحفظات ہیں، کرونا صورتحال کی وجہ سے بھی کھلاڑیوں پر بہت زیادہ دباو ہے۔کھلاڑیوں کی ذہنی اور جسمانی فلاح سب سے اہم ہے،

پاکستان کے دورے سے کھلاڑی مزید ذہنی دباو کا شکار ہوں گے، اس لیے ان پر مزید ذہنی دباو نہیں ڈال سکتے۔ سمجھتے ہیں فیصلے سے پی سی بی کو مایوسی ہو گی، پی سی بی نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کیلئے انتھک محنت کی، جانتے ہیں اس فیصلے سے پاکستان کی کرکٹ پر اثرات پڑیں گے، اس لیے اپنے فیصلے پر پی سی بی سے معذرت کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم کو اگلے ماہ 13 اور 14 اکتوبر کو راولپنڈی میں 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کی مختصر سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان آنا تھا۔ یہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کا 2005 کے بعد پہلا دورہ پاکستان ہوتا، اس حوالے سے پی سی بی اپنی تمام تیاریاں مکمل کر چکا تھا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button