مکہ اور مدینہ سمیت سعودی عرب کے کئی شہروں میں آج سے بارشوں کا آغاز

ریاض(نیوزڈیسک) سعودی عرب میں گرمی کے ستائے افراد کے لیے بہت زبردست خبر آ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ آج بُدھ کے روز سے اتوار تک کے پانچ دنوں میں مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوں گی اور کئی علاقوں میں 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مکہ ریجن میں طائف، مکہ شہر اور الجموم میں بُدھ سے ہفتے تک بارش ہوتی رہے گی جبکہ جدہ اور اللیث میں بُدھ سے جمعہ تک گرد آلود ہوائیں اور بارشوں کا سماں بنا رہے گا۔جازان اور الباحہ میں بھی متعدد مقامات پر گرد آلود ہواؤں کے بعد موسلا

دھار بارش ہو گی۔ مدینہ منورہ ریجن میں مدینہ شہر، خیبر، ینبع اور العلا میں بُدھ سے جمعہ تک برسات اپنے رنگ دکھائے گی۔تبوک میں بھی آ ج کے روز سے جمعہ تک بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ ابہا، خمیس مشیط، محایل اور بلقرن سمیت کئی علاقوں میں بھی بارش ہو گی۔ سعودی محکمہ شہری دفاع کی جانب سے عوام کو خبردارکیاگیا ہے کہ وہ برساتی نالوں، نشیبی علاقوں اور وادیوں کے قریب جانے اور ان کا سفر کرنے سے گریز کریں۔بچوں کو بھی تالابوں اور ندی نالوں کے پاس مت جانے دیں۔شارٹ کٹ کے چکر میں نشیبی علاقوں اور خراب سڑکوں پر ڈرائیونگ نہ کریں، بلکہ بڑی سڑکوں اور شاہراہوں سے ہی گزریں۔ سیلابی ریلوں کا خاص خیال رکھیں جو کئی بار اپنا رُخ موڑ لیتے ہیں۔ چند روز قبل بھی کی موسلا دھار بارش سے بھی کئی علاقوں میں پانی اکٹھا ہو گیا ہے اور کئی مقامات پر سیلابی صورت حال بھی پیدا ہو گئی تھی ۔اس کے علاوہ گرد و غبار والے علاقوں میں بھی ڈرائیونگ کرتے وقت احتیاط کریں کیونکہ گرد کے طوفان کی وجہ سے سڑک پر حد نگاہ انتہائی کم ہو جاتی ہے، جس کے نتیجے میں گاڑی چلنا دُشوار ہو جاتا ہے اور کسی حادثے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button